پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان مثبت ملاقاتیں

جمعرات 23 جنوری 2020 20:23

پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان مثبت ملاقاتیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے کادورہ پاکستان اختتام پذیر ہوگیا۔ 2 روز ہ دورہ پاکستان کے دوران انہوں نے اسلام آباداور لاہور میں مثبت اور مفید ملاقاتیں کیں۔

دورہ پاکستان کے پہلے روز آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا سے ملاقات کی۔

ملاقات میں آئی سی سی کے جنرل منیجرکمرشل کیمبل جیمیسن، چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے شرکت کی۔

آئی سی سی کا 2 رکنی وفد جمعرات کے روزلاہور سیف سٹی پراجیکٹ کا دورہ کرنے کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچا۔ اس سے قبل انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پریزینٹیشن دی گئی۔

(جاری ہے)



آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے کا دورہ آئی سی سی کے 2023سے 2031 کے درمیان شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے حوالے سے اپنے ممبرز کو بریف کرنے کے سلسلے کی ایک کڑی تھی۔

اس دور میں آئی سی سی نے مینز کے آٹھ، ویمنز کے آٹھ، چار مینز انڈر 19 اور چار ویمنز انڈر 19 کے ایونٹس شامل ہیں۔

 نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے اجلاس میں مانو سواہنے اور کیمبل جیمیسن نے ان ایونٹس کی میزبانی کی پیشکش، اس کے طریقہ کار اور متوقع ٹائم لائنز کے بارے میں جامع اور تفصیلی طور پر آگا ہ کیا۔

مانو سواہنے نے پی سی بی کو کرکٹ کی پروموشن گلوبل حکمت عملی، ڈویلپمنٹ اور عالمی کرکٹ کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بھی اپ ڈیٹ کیا۔



وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی :

چیف ایگزیکٹوپی سی بی وسیم خان نے کہا کہ آئی سی سی کے 2 رکنی وفد کے ساتھ اگلے آٹھ سالہ سرکل کے حوالے سے بڑی مثبت اور تعمیری میٹنگز ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت سے قبل آئی سی سی کی توقعات کے بارے میں معلومات ملنا پی سی بی کے لیے مفید رہا ہے۔

 چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ان میٹنگز میں ہمیں آئی سی سی کے تقاضوں کے بارے میں آگاہی ملی ہے لہٰذا پی سی بی اس حوالے سے اب اپنی پیشکش سے متعلق دستاویزات بہتر انداز میں تیار کر سکے گا۔



وسیم خان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پی سی بی اگلے سرکل کے دوران آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ عمل اتنا آسان نہیں ہے اور اس لیے ہمیں اس میں حکومت اور دوسرے اسٹیک ہولڈرز کا بھی تعاون درکار ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ آئی سی سی نے دبئی میں کرکٹ کی بہتری اور ترقی کے لئے مفید اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی سی بی بھی کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔