آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے اور جنرل منیجرکمرشل کیمبل جیمیسن کا لاہور کا دورہ

لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کا دورہ کیا ،نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بورڈ حکام سے اہم ملاقات ہوئی آئی سی سی کے وفد کیساتھ اگلے آٹھ سالہ سرکل کے حوالے سے مثبت اور تعمیری میٹنگز ہوئی ہیں‘ چیف ایگزیکٹو پی سی بی

جمعرات 23 جنوری 2020 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے اور جنرل منیجرکمرشل کیمبل جیمیسن نے لاہور کا دورہ کیا۔ آئی سی سی کے دو رکنی وفد نے لاہور آمد کے بعد لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس کے بعد وفد نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچا۔ وفد کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پریزینٹیشن بھی دی گئی۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو مانو سواہنے کا دورہ آئی سی سی کے 2023سے 2031 کے درمیان شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے حوالے سے اپنے ممبرز کو بریف کرنے کے سلسلے کی ایک کڑی تھی۔ اس دور میں آئی سی سی نے مینز کے آٹھ، ویمنز کے آٹھ، چار مینز انڈر 19 اور چار ویمنز انڈر 19 کے ایونٹس شامل ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے اجلاس میں مانو سواہنے اور کیمبل جیمیسن نے ان ایونٹس کی میزبانی کی پیشکش، اس کے طریقہ کار اور متوقع ٹائم لائنز کے بارے میں جامع اور تفصیلی طور پر آگا ہ کیا۔

(جاری ہے)

مانو سواہنے نے پی سی بی کو کرکٹ کی پروموشن گلوبل حکمت عملی، ڈویلپمنٹ اور عالمی کرکٹ کو درپیش چیلنجز کے بارے میں بھی اپ ڈیٹ کیا۔وسیم خان، چیف ایگزیکٹو پی سی بی :چیف ایگزیکٹوپی سی بی وسیم خان نے کہا کہ آئی سی سی کے دو رکنی وفد کے ساتھ اگلے آٹھ سالہ سرکل کے حوالے سے بڑی مثبت اور تعمیری میٹنگز ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وقت سے قبل آئی سی سی کی توقعات کے بارے میں معلومات ملنا پی سی بی کے لیے مفید رہا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ ان میٹنگز میں ہمیں آئی سی سی کے تقاضوں کے بارے میں آگاہی ملی ہے لہٰذاپی سی بی اس حوالے سے اب اپنی پیشکش سے متعلق دستاویزات بہتر انداز میں تیار کر سکے گا۔وسیم خان نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پی سی بی اگلے سرکل کے دوران آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ یہ عمل اتنا آسان نہیں ہے اور اس کے لیے ہمیں حکومت اور دوسرے اسٹیک ہولڈرز کا تعاون بھی درکار ہوگا۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ آئی سی سی نے دبئی میں کرکٹ کی بہتری اور ترقی کے لئے مفید اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی بھی کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا