بمپر فرائڈے کوشائقین کرکٹ کا انتظار

پاکستان اور بنگلہ دیش کی سینئر اور جونیئر ٹیمیں جمعہ کے روز بالترتیب لاہور اور پوچیف اسٹروم میں مدمقابل آئیں گی

جمعرات 23 جنوری 2020 20:34

بمپر فرائڈے کوشائقین کرکٹ کا انتظار
پوچیف اسٹروم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2020ء) آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں گروپ سی کے اہم میچ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 24 جنوری بروز جمعہ کو پوچیف اسٹروف میں مدمقابل آئیں گی۔ میچ کی فاتح ایونٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے باعث30 جنوری کو اسی میدان میں سپر لیگ کوارٹر فائنل میچ کھیلے گی۔

میچ کی فاتح ٹیم سپرلیگ کوارٹر فائنل میچ میں گروپ ڈی کی دوسری ٹاپ پوزیشن ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔

افغانستان، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات میں سے کوئی ٹیم گروپ ڈی میں دوسری پوزیشن حاصل کرے گی۔

24 جنوری کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان میچ کی شکست خوردہ ٹیم کو 31 جنوری کو بینونی میں گروپ ڈی کی ٹاپ ٹیم سے مقابلہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)



یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جس روز پوچیف اسٹروم میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیم کے مدمقابل ہوگی تو اسی روز پاکستان سینئر کرکٹ ٹیم پوچیف اسٹروم سے 14 ہزار کلومیٹر دور بنگلہ دیش کی سینئر ٹیم سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کھیلے گی۔

ایک ہی روز دو ممالک کی سینئر اور جونیئر ٹیموں کے درمیان مختلف وینیوز پر میچوں کے باعث مداحوں کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

جمعہ کے روز بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترنے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم اب تک ایونٹ میں اپنے دونوں گروپ میچز جیت چکی ہے۔ پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دینے والی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے دوسرے میچ میں زمباوے کو بدھ کے روز 38 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حارث نے 81 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔

میچ میں نوجوان کرکٹر قاسم اکرم کی آلراوٴنڈ کارکردگی نے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔قاسم اکرم نے میچ میں 54 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 2 اہم وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

قاسم اکرم:

جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں شریک قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے آلراوٴنڈر قاسم اکرم نے بنگلہ دیش مینز کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دوست اور اہلخانہ سیریز میں شامل تینوں میچز دیکھنے قذافی اسٹیڈیم لاہور جارہے ہیں۔

انہوں نے مداحوں سے بھی درخواست کی کہ وہ بابراعظم کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم کی اسپورٹ کے لیے اسٹیڈیم کا رخ کریں۔

نوجوان کرکٹرکا کہنا ہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم جمعہ کے روز بنگلہ دیش انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے خلاف اہم میچ کھیلے گی، انہیں امید ہے کہ قومی انڈر 19 ٹیم اس اہم میچ میں عمدہ کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھے گی۔

قاسم اکرم نے کہا کہ قومی انڈر19 ٹیم نے ایونٹ میں شرکت سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بھرپور ٹریننگ کی تھی جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زمباوے کے خلاف میچ میں جب وہ میدان میں اترے تو قومی انڈر 19 ٹیم مشکلات کا شکار تھی مگر انہوں نے دباوٴ لیے بغیر میچ میں مثبت حکمت عملی اپناتے ہوئے عمدہ بیٹنگ اور نپی تل باوٴلنگ کی۔

اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):

اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔



مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔

وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔

آلراوٴنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (فیصل آباد)۔

اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔

فاسٹ باوٴلرز: عامر خان (پشاور)، نسیم شاہ (لاہور) اور طاہر حسین (ملتان)۔

ٹیم منیجمنٹ:

اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راوٴ افتخار انجم (باوٴلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انصاری( سیکورٹی منیجر)۔

شیڈول:

24جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش
9فروری 2020: فائنل