پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری 2.5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی

جمعہ 24 جنوری 2020 16:15

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری 2.5 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) پاکستانی کیپٹل مارکیٹس میں غیرملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافے کارجحان ہے، رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں حکومتی بانڈز میں سرمایہ کاری کاحجم دوارب چوون کروڑ ستر لاکھ ڈالر ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کاحجم ڈھائی ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا، ٹی بلزمیں رواں مالی سال تیئس جنوری تک دوارب چھپن کروڑ اسی لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی اور پاکستان انوسٹمنٹ بانڈزمیں سرمایہ کاری کاحجم تین کروڑدس لاکھ ڈالررہا۔

(جاری ہے)

غیرملکی سرمایہ کاروں میں بڑی تعداد امریکی اوربرطانوی مالیاتی اداروں کی ہے جبکہ رواں مالی سال میں اسٹاک مارکیٹ سے 5کروڑ 20لاکھ ڈالر کا انخلا دیکھا گیا۔انڈسٹری تجزیہ کاروں کے مطابق شرح سودمیں اضافے اورروپے کی قدرمیں کمی کے باعث ٹی بلزغیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے انتہائی پرکشش ہوگئے ہیں، ماہرین کوحکومتی بانڈزمیں مزیدسرمایہ کاری کی امید ہے۔یاد رہے گذشتہ ہفتے ملکی تاریخ میں پہلی بارحکومتی بانڈزمیں ایک ہی روز میں ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی تھی، ٹی بلز میں 16 جنوری تک 2 ارب 23 کروڑ 40 لاکھ ڈالرکی سرمایہ کاری ہوئی جبکہ پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز میں سرمایہ کاری کا حجم 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالررہا تھا۔