شہبازشریف نے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے گرین سگنل دےدیا

ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کوطلب، ارکان اسمبلی کو ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد میں لیا جائے گا۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 جنوری 2020 16:24

شہبازشریف نے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کیلئے گرین سگنل دےدیا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 جنوری 2020ء) مسلم لیگ ن نے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کی تیاری شروع کردی، شہبازشریف نے پارٹی قیادت کو گرین سگنل دے دیا، پیر کو پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی کو ان ہاؤس تبدیلی کیلئے اعتماد میں لیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ ن نے پنجاب حکومت کی تبدیلی کیلئے ایوان میں آئینی اور جمہوری طریقے کے تحت ہلچل مچانے کی تیاری کرلی ہے۔

صدر ن لیگ شہبازشریف کی ہدایت پر پارلیمانی پارٹی پنجاب کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ اجلاس کی صدارت حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ خان کریں گے۔ شہبازشریف نے ان ہاؤس تبدیلی کیلئے پارٹی قیادت کو گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی کو شرکت کی ہدایت کردی گئی۔

(جاری ہے)

ارکان اسمبلی کو ممکنہ ان ہاؤس تبدیلی کیلئے ایوان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

واضح رہے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء حمزہ شہباز نے بھی کہا تھا کہ پارلیمنٹ میں ان ہاوس تبدیلی کوئی غیر آئینی بات نہیں، مسلم لیگ (ن) نے اپنے دروازے سب کے لیے کھول رکھے ہیں ،عام آدمی پر عیاں ہو گیا کہ پاکستان کی نااہل ترین حکومت ہے گندم کا بحران ہے، چینی کا بحران آنے والا ہے، نااہلوں کی حکومت نے کسی قسم کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ پہلے ہی روز کہہ دیا تھا کہ جتنی خدمت ہم نے کی ہے اس سے آدھی بھی کر لیں تو بڑی بات ہو گی ،(ن) لیگ کے مقابلے میں حکومت آدھا بھی پرفارم نہیں کر پائی،اشیائے خوردونوش دل چینی چاول آلو پیاز ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی تھی ،دو سو فیصد بلوں کا بوجھ عوام پر ڈالا ،ایک آٹے کے تھیلے کیلئے عام شہری ترس رہا ہے جس کی عجیب توجیہات پیش کی جا رہی ہیں ،ہم حکومت کی گندم فصل سے پہلے پلاننگ کرتے رہے کوئی بحران نہیں آیا۔