وزیراعظم کا پاکستانیوں کو5 فروری کو گھروں سے باہر نکلنے پیغام

فاشسٹ نسل پرست مودی نے 6 ماہ سے کشمیریوں کوگھروں میں محصور کررکھا ہے، جبکہ 9 لاکھ بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 24 جنوری 2020 20:20

وزیراعظم کا پاکستانیوں کو5 فروری کو گھروں سے باہر نکلنے پیغام
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے تمام پاکستانیوں کو 5 فروری کو کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے گھروں سے باہر نکلنے پیغام دیا ہے، انہوں نے کہا کہ فاشسٹ نسل پرست مودی کی 9 لاکھ بھارتی فوج نے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ 5 فروری کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے باہر نکل آئیں۔

عمران خان نے کہا کہ 80 لاکھ کشمیریوں کو 9 لاکھ بھارتی فوجیوں نے محصور کررکھا ہے۔ فاشسٹ نسل پرست مودی نے کشمیریوں کو پچھلے 6 ماہ سے گھروں میں یرغمال بنایا ہوا ہے۔
واضح رہے گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں اجاگر کرنے کی غرض سے بھر پور مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 25 جنوری سے انشاء اللہ ہم ایک پوری مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں، یہ مہم الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر چلائی جائے گی۔اس سلسلے میں 27 جنوری کو اسلام آباد نیشنل کونسل آف آرٹس میں کلچرل شو منعقد ہو گا۔ 28 جنوری کو مظلوم کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے حوالے سے تصویری نمائش ہو گی،30 جنوری کو اسلام آباد میں ایک سیمینار منعقد ہو گا۔

پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین سید فخر امام اور ارکان بھی اس سیمینار میں شرکت کرینگے۔ 3 فروری کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد ہوگی جبکہ 4 فروری کو ایوان صدر میں کشمیر کے حوالے سے تقریب ہو گی جس میں پوری ڈپلومیٹک کور کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ صدر مملکت تقریب سے خطاب کرینگے۔ 5 فروری کو انسانی زنجیر بنائی جائے گی اور پورے ملک میں کشمیر ریلیاں نکالی جائیں گی چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی کشمیر یکجہتی ریلیوں کی خود قیادت کریں گے جبکہ اسی روز وزیر اعظم آزاد کشمیر کی پارلیمنٹ سے اور اسی روز وزیر اعظم عمران خان میرپور میں عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔