مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور طویل ترین کرفیو کے نفاذنے دنیا میں مظالم اور بربریت کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے، کنور قطب الدین

وقت آ گیا ہے تمام امن پسند عوام کشمیری مسلمانوں کے حق خودارادیت کے لیے اٹھ کھڑے ہوں ، بانی آل پاکستان راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن

جمعہ 24 جنوری 2020 21:34

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) مقبوضہ کشمیر کے معصوم اور نہتے مسلمانوں پر بھارتی ظلم و تشدد اور طویل ترین کرفیو کے نفاذنے دنیا میں مظالم اور بربریت کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے تمام امن پسند عوام کشمیری مسلمانوں کے حق خودارادیت کے لیے اٹھ کھڑے ہوں اور بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا میںآشکار کریں- یہ بات آل پاکستان راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے بانی چیئرمین کنور قطب الدین نے ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کہی۔

انہوںنے کہا کہ کشمیر ی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیی2فروری کو اسلام آباد میں کشمیر یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیاجا رہا ہے جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے راجپوت انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کے نمائندے اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے راہنما ،کشمیری لیڈر اور دیگر شہری شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

کنور قطب الدین نے کہا کہ کشمیر پر ڈھائے جانے والے مظالم سے ہر آنکھ اشک بار ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ کشمیر یوں کو بھارتیوں کے ظلم وتشدد سے نجات دلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کشمیر کے مسئلے کو انتہائی جرات اور بہادری کے ساتھ دنیا کے سامنے رکھا ہے اور 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کے عوام اپنے کشمیر ی بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کا ہر ممکن ساتھ دینے کے عزم کی تجدید کریں گے۔ کنورقطب الدین نے کہا کہ اس سلسلے میں منعقد ہونے والی کشمیر یکجہتی کانفرنس میں وزیراعظم آزادو جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ چیئرمین کشمیر کمیٹی و رکن قومی اسمبلی سید فخر امام کانفرنس کی صدارت کریں گے۔