حکومتی ٹیم نے خالد مقبول کو منالیا، ذرائع

جمعہ 24 جنوری 2020 21:46

حکومتی ٹیم نے خالد مقبول کو منالیا، ذرائع
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) وفاقی حکومت اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان برف پگھلنے لگی۔ذرائع کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں اتحادیوں کو منانے پر لگی حکومتی ٹیم نے خالد مقبول صدیقی کو منالیا۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں جہانگیر ترین کے گھر پر ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور میں خالد مقبول صدیقی کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق خالد مقبول کی جگہ ایم کیو ایم کسی کو وزیر نہیں بنائے گی اور متحدہ کنوینر کی جلد ہی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کروائی جائے گی۔ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی قیادت نے مذاکرات کے دوران کئی ایشوز حل کرلیے ہیں، دونوں جماعتوں کے درمیان وفود کی سطح پر آئندہ ملاقات بدھ کو ہوگی۔ذرائع کے مطابق حکومت اور ایم کیو ایم کے درمیان آئندہ ہفتے اہم بریک تھرو ہوگا۔