زرعی یونیورسٹی آئندہ سال بہترین پیدا وار کے حامل بیج فراہم کر ے گی ، پروفیسرڈاکٹر محمد اشرف

جمعہ 24 جنوری 2020 22:06

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے کہا ہے کہ یونیورسٹی آئندہ سال بہترین پیداوارکے حامل بیج کسانوں کو فراہم کرے گی تاکہ انہیں مارکیٹ میں موجود ناقص بیج فروخت کرکے کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے والوں کے چنگل سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

نیو سینٹ ہال میں اکیڈمک کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے کہا کہ مفاد پرست عناصر مارکیٹ میں ناقص بیج فروخت کرکے کسانوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں جس سے زمین کی تیاری ‘آبپاشی اور زرعی مداخل پر خرچ ہونے والے سرمایہ کے ساتھ ساتھ قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

سنگاپورکی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم زرعی رقبہ ہونے کے باوجود سنگاپورگھروں و فیکٹریوں کی چھتوں پر سبزیاں کاشت کرکے ملکی ضرورت پوری کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ یونیورسٹی میں سائنٹفک و سکل ڈویلپمنٹ سیل کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر یافتہ بناکر خودروزگار کے قابل بنانے کیلئے وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت شارٹ کورسز کروائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی 900ایکڑ پر مختلف زرعی اجناس کاشت کرتی ہے تاہم وہ چاہیں گے کہ مذکورہ رقبہ پر کاشت کی جانیوالی فصلات بہترین پیداواری صلاحیت کی حامل ورائٹی پر مشتمل ہوںجو 30ہزار لوگوں پر مشتمل کیمپس کمیونٹی کی ضرورت کیلئے گندم کے ساتھ ساتھ وافر پھل اور سبزیاں بھی فراہم کرنے کے قابل ہوتاکہ یونیورسٹی کیلئے غذائی خود کفالت کے ساتھ ساتھ فاضل پیداوار مارکیٹ میں فروخت کرکے مالیاتی وسائل میں بھی اضافہ کیا جا سکے۔

اجلاس میں پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ پروفیسرڈاکٹر قمر بلال اور شعبہ پتھالوجی کی پروفیسرڈاکٹرفرزانہ رضوی کو ڈسپلن کمیٹی کے اراکین کے طو رپر نامزد بھی کیا گیا۔رجسٹرار طارق سعید نے اجلاس کی کارروائی کو آگے بڑھایا۔