گورنمنٹ کالج میرپور کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور دنیا بھر کی لائبریریوں اور پبلیشرزکے ساتھ منسلک کر دیا گیا

جمعہ 24 جنوری 2020 22:58

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2020ء) آزاد کشمیر کی قدیم تعلیمی درسگاہ گورنمنٹ کالج میرپور کو دور جدید کے تقاضوں کے مطابق 28لاکھ روپے کے اخراجات سے اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈیجیٹل لائبریری فائبرلنک ڈیجیٹل لائبریری کے ذریعے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد اور دنیا بھر کی لائبریریوں اور پبلیشرزکے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جس سے اب گورنمنٹ کالج میرپور کے BS چار سالہ پروگرام اور MAکے طلباء وطالبات اور انٹر میڈیٹ کے طلباء سمیت ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام اور ریسرچ سے منسلک اساتذہ کرام وطلباء وطالبات بھی اس ڈیجیٹل لائبریری سے مستفید ہو سکیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی قدیم تاریخی تعلیمی درسگاہ گورنمنٹ کالج میرپور کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اسٹیٹ آف دی آرٹ فائبر لنک ڈیجیٹل لائبریری سے منسلک کر نے کیلئے لاریب انرجی پرائیویٹ لمٹیڈاورگورنمنٹ کالج میرپور کے سابق طلباء کی تنظیم اولڈ سروشیئنز یونین میرپور کے اشتراک وباہمی تعاون سے مجموعی طور پر 28لاکھ روپے کے اخراجات سے میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میرپور(مسٹ) کے فائبر لنک سے منسلک کرتے ہوئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے ذریعے دنیا بھر کی لائبریریوں اور پبلیشرز تک رسائی کو ممکن بنا دیاگیا ہے اس کثیر المقاصد ڈیجیٹل لائبریری کیلئے اولڈ سروشیئنز یونین میرپور کے صدر وسابق سیکرٹری حکومت محمد اقبال رتیال کی کاوشوں سے لاریب انرجی میرپور نے 20لاکھ روپے کے اخراجات سے 45کمپیوٹر اور ملٹی میڈیا سیٹ جبکہ اولڈ سروشیئنز یونین میرپور نے 8لاکھ روپے سے فرش کی ٹائیلنگ،پائیلنگ اور سیلنگ کیلئے بطور عطیہ فراہم کیے ہیں اور اس طرح مجموعی طور پر 28لاکھ روپے کے اخراجات سے گورنمنٹ کالج میرپور میں لاریب فائبر لنک ڈیجیٹل لائبریری کے قیام کا منصوبہ مکمل ہو گیا ہے اور اس سے اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات کو بلامعاوضہ دجدید علوم کے حصول کیلئے دنیا بھر کی لائبریریوں اور پبلیشر ز تک باآسانی رسائی انتہائی کم وقت میں ہوگئی ہے اس ڈیجیٹل لائبریری کا باقاعدہ افتتاح لاریب انرجی پرائیویٹ لمٹیڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کامران کمال ، اولڈ سروشیئنز کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سی ایم حنیف اور پرنسپل گورنمنٹ کالج میرپور پروفیسر نذر حسین چوہدری نے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر لاریب انرجی کھڑی کے سٹیشن منیجر کلیم خان ، ہیڈ آف اپریشن ومنٹیننس ریاض حسین اولڈ سروشیئنز یونین میرپور کے سیکرٹری مالیات چوہدری محمد شکیل ، سیکرٹری اطلاعات ظفر مغل ، ممبران ایگزیکٹو کمیٹی پروفیسر محمد ظہیر چوہدری ، پروفیسر راجہ محمد یعقوب خان ، پروفیسر حبیب الحق شیخ ، پروفیسر سردار حفیظ اللہ خان ، پروفیسر خورشید احمد خواجہ ، اور دیگر کئی اساتذہ کرام بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر پرنسپل پروفیسر نذر حسین چوہدری اور پروفیسر حبیب الحق شیخ نے مہمانوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاریب ڈیجیٹل لائبریری میں بیک وقت 45طلباء وطالبات مستفید ہوتے ہوئے دنیا بھر کی لائبریریوں اور پبلیشر ز کی کتب تک کم وقت میں رسائی حاصل کر کے اپنے علم کی پیاس بجھا کر جدید علوم سے آراستہ ہو کر ملک وقوم کی بہترسے بہترخدمت کا فریضہ انجام دے کر اپنے ملک وقو م کا نام روشن کرتے ہوئے اپنی خدمات انجام دے سکیںگے اور اسکا کریڈیٹ یقیناً لاریب انرجی اور اولڈ سروشیئنز یونین میرپور کو جائیگا جس کیلئے گورنمنٹ کالج میرپور کی انتظامیہ ان کی شکر گزار ہے اس موقع پر اولڈ سروشیئنز یونین میرپور کے عہدیداران نے کہا کہ اولڈ سروشیئنز یونین کی المنائی تقریب اور انتخابات 15مارچ کو ہونگے اور ا س میں گورنمنٹ کالج میرپور کے سابق طلباء کو اندرون وبیرون ملک سے شرکت کی دعوت ہے تاکہ تمام سروشیئنز مل بیٹھ کر اس قدیم وعظیم تاریخی درسگاہ کی بہتر ترقی اور طلباء کو زیادہ سے زیادہ بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مستقبل کے ٹھوس منصوبے بنا کر ان پر عملدرآمد کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جا سکیں ۔

لاریب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کامران کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی میرپور میں تعلیم وصحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنے وسائل کے مطابق بھرپور اقدامات اٹھاتے رہیں گے ۔