جرمنی کے جنوب مغربی شہر روٹ ام زے میں فائرنگ،چھ افرادہلاک

واقعے کے پیچھے ممکنہ طور پر ذاتی دشمنی ہو سکتی ہے، ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیاگیا،جرمن پولیس

ہفتہ 25 جنوری 2020 11:58

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) جرمنی کے جنوب مغربی شہر روٹ ام زے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں چھ افراد ہلاک اور متعددزخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پولیس نے جاری ایک بیان میں کہاکہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ جرمنی کی جنوب مغربی ریاست باڈن ورٹمبرگ کے ایک شہر روٹ اًم زے میں فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوئے ۔

قبل ازیں ایک پولیس افسر نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد ایک سے زائد ہے۔ پولیس کی طرف سے یہ بھی تصدیق کی گئی کہ فائرنگ کرنے والے مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق اس واقعے کے پیچھے ممکنہ طور پر ذاتی دشمنی ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی طرف سے جاری کیے گئے ایک ٹویٹر پیغام کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر بھیج دی گئی ہے۔

فائرنگ کے اس واقعے میں چھ افراد ہلاک ہوئے اور مرنے والے تمام افراد فائرنگ کرنے والے شخص کے رشتہ دار تھے۔ اخبار کے مطابق فائرنگ کرنے والا 37 سالہ ایک مرد ہے۔فائرنگ کا یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق دن 12.45پر روٹ ام زے کے ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ ہائیڈل برگ کے قریب واقع اس چھوٹے سے شہر کی آبادی قریب 5200 افراد پر مشتمل ہے۔ اندھا دھند فائرنگ کے واقعات جرمنی میں شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں۔ گزشتہ برس اکتوبر میں ایک دائیں بازو کے ایک شدت پسند نے ملک کے مغربی شہر ہالے میں فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ یہ شخص یہودیوں کی عبادت گاہ میں گھسنے کی کوشش میں تھا۔