استور، ٹھیکیداروں کی وجہ سے شجرکاری مہم میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، صوبائی وزیرجنگلات

ہفتہ 25 جنوری 2020 12:56

استور، ٹھیکیداروں کی وجہ سے شجرکاری مہم میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ ..
استور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) صوبائی وزیرجنگلات عمران وکیل نے کہاکہ ٹھیکیداروں کی وجہ سے شجرکاری مہم میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، اس سال بھی عدالت سے ٹھیکیداروں نے حکم امتناع لیاہے گذشتہ سال بھی اسی طرح ہونے سے پانچ ارب روپے کے درخت لگنے تھے جونہیں لگے یہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے، ہم عدالت سے بھی یہ اپیل کرتے ہیں کہ اس قسم کے عوامی نوعیت کے کیسز میں حکم امتناع نہ دیں تاکہ گلگت بلتستان میں شجرکاری مہم چلائی جا سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کروڑوں کے حساب سے درخت لگانے تھے ٹھیکداروں نے عدالت سے رجوع کیااور گذشتہ سال ضائع ہوگیا، اب بھی یہی خدشہ ہے کہ یہی سلسلہ جاری رہا تو پھر سے درخت نہیںلگائے جاسکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پچھلے سال حکومت کا نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کا نقصان ہوا ہے، یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے درخت کسی فرد واحد کیلئے نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے عوام کیلئے لگائے جارہے ہیں اور ان درختوں کو لگانے کی اشد ضرورت ہے، ہماری عدالت سے اپیل ہے کہ عدالت اس کیس کو سماعت سے خارج کردے اوردرخت لگانے کے لئے راہ ہموار کرے۔

انہوں نے کہاکہ خنجراب میں جو غیر قانونی شکارہوا ہے اس کی شفاف تحقیقات ہوگی اورجو بھی ذمہ دارہوگا اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :