سعودی باشندوں کو 300 میٹر گہری کھائی میں اُترنے کا شوق مہنگا پڑ گیا

2 سعودی نوجوان کئی گھنٹے تک کھائی میں پھنسے رہے، خوش قسمتی سے محکمہ شہری دفاع کی ٹیم نے انہیں بچا لیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 25 جنوری 2020 15:25

سعودی باشندوں کو 300 میٹر گہری کھائی میں اُترنے کا شوق مہنگا پڑ گیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جنوری 2020ء) سعودی عرب میں ایڈونچر کے شوقین دو نوجوانوں کو اس وقت لینے کے دینے پڑ گئے، جب وہ 300 میٹر گہری کھائی کے اندر چلے تو گئے، مگر پھر اُن کا وہاں سے باہر نکلنا مشکل ہو گیا۔ کئی گھنٹوں تک یہ دونوں سعودی نوجوان کھائی کے اندر ہی بھُوکے پیاسے رہے۔ خوش قسمتی سے محکمہ شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے ان سعودی نوجوانوں کی جان بچالی ہے، جنہوں نے آئندہ کے لیے ایسی کسی خطرناک مہم جوئی سے ہاتھ جوڑ لیے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ واقعہ باحہ کے علاقے عقبہ قلوہ میں پیش آیا۔ جہاں دو سعودی نوجوان جن کی عمریں 23 سال اور 30 سال تھیں،سیر و تفریح کی غرض سے ایک گہری کھائی میں اُتر گئے۔ جب وہ کئی گھنٹوں تک واپس نہ آئے تو ان کے جاننے والوں کو فکر لگ گئی۔

(جاری ہے)

آخر محکمہ شہری دفاع کو اطلاع کر دی گئی کہ سعودی نوجوان 300 میٹر گہری کھائی کے اندر گئے ہیں، مگر ابھی تک واپس نہیں آ سکے۔

صورتِ حال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے اہلکار فوری طور پر کھائی کے کنارے پہنچ گئے۔ رات کے امدادی ٹیمیں امدادی سامان کے ساتھ پہنچ گئیں۔ دو اہلکار رسیوں کی مدد سے 300میٹر گہری کھائی میں اُتر گئے اور وہاں پر پھنسے ہوئے دونوں سعودی نوجوانوں کو بمشکل باہر نکال لیا گیا۔ دونوں نوجوان بہت خوفزدہ دکھائی دہے تھے۔ کیونکہ انہیں لگ رہا تھا کہ شاید کھائی کی گہرائی میں اُترنا اُن کے لیے موت کا پیغام بن جائے گا۔

تاہم زندہ بچ جانے پر اُنہوں نے اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کیا۔ دونوں نوجوانوں کو طبی معائنے کی خاطر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت کو تسلی بخش قرار دے کر انہیں ڈسچارج کر دیا گیا۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے مقامی اور غیر مُلکی افراد کو خبردار کیا ہے کہ وہ خطرے سے بھرپور مقامات پر سیر و تفریح کے لیے ضرور جائیں، مگر کسی مہم جوئی سے باز رہیں۔ خصوصاً سیلابی موسم کے دوران کھائیوں اور وادیوں کا رُخ کرنے سے احتیاط ہی برتی جائے۔

متعلقہ عنوان :