حکومت برآمدات میں اضافہ کے لئے فرنیچر سیکٹر کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھائیگی‘ میاں کاشف اشفاق

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 200 ایکڑ اراضی پر سٹیٹ آف دی آرٹ فرنیچر سٹی تعمیر کیا جائے گا‘ چیئرمین فیڈ مک

ہفتہ 25 جنوری 2020 15:48

حکومت برآمدات میں اضافہ کے لئے فرنیچر سیکٹر کے پوٹینشل سے بھر پور ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹکمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ حکومت ملکی برآمدات میں اضافہ کے لئے کلاسیکل پاکستانی فرنیچر کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھائے گی اور بین الاقوامی فرنیچر مارکیٹوں تک رسائی کے لئے اس شعبے کی سرپرستی کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فرنیچر پروڈیوسرز اور برآمد کنندگان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیڈمک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 200 ایکڑ اراضی پر سٹیٹ آف دی آرٹ فرنیچر سٹی تعمیر کیا جائے گا تاکہ فرنیچر سیکٹر میں برآمدات اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔ فرنیچر سٹی کا بنیادی مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے فرنیچر پروڈیوسرز کو مدد اور سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اس شعبہ میں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے تحت سٹیٹ آف دی آرٹ سینٹر فار ایکسی لینس بھی قائم کیا جائے گا جہاں کاریگروں اور طلبا کو فرنیچر سازی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ عالمی معیار کا فرنیچر تیار کرسکیں۔ میاں کاشف نے کہا کہ فیڈمک یہاں فرنیچر یونٹس قائم کرنے میں دلچسپی رکھنے والوںکو وفاقی اور صوبائی محکموں کی مکمل کوآرڈینیشن کے ذریعے ون ونڈو آپریشن کی سہولت اور مکمل بزنس انفراسٹرکچر فراہم کرے گا۔

فرنیچر پروڈیوسرز کو بین الاقوامی نمائشوں اور تجارتی میلوں میں شرکت کیلئے سفری سہولیات اور آسانی سے قابل حصول گرانٹس کیلئے بھی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کامیاب معاشی اصلاحات اور سکیورٹی صورتحال میں بہتر یکی وجہ سے تمام بڑی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کو اپ گریڈ کیا ہے، تمام بنیادی معاشی اشاریوں میں بہتری آرہی ہے، برآمدات میں اضافہ نظر رہا ہے جبکہ درآمدات کم ہو رہی ہیں اور حکومت کرنٹ اکاؤنٹ خسارے بھی قابو پا رہی ہے اس لئے غیر ملکی کمپنیاں بھی پاکستانی مارکیٹ میں گہری دلچسپی لے رہی ہیں۔

انہوں نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے شروع کریں۔ وفد نے فرنیچر سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق کی انتھک کوششوں کو سراہا اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں فرنیچر سٹی کی جلد تکمیل پر زور دیا تاکہ وہ وہاں اپنا کاروبار جلد از جلد شروع کر سکیں۔ وفد نے فیڈمک کے ذریعہ کمپنیوں کو ٹیکس میں چھوٹ اور دیگر مراعات سے فائدہ اٹھانے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔