پاکستان بیت المال کی اعلی تعلیم کے لئے ملک بھر کی سرکاری جامعات کے 8500 مستحق طلباء کو گزشتہ ایک سال کے دوران تعلیمی وظائف کی فراہمی

ہفتہ 25 جنوری 2020 15:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) پاکستان بیت المال نے محدود وسائل کے باوجود اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لئے ملک بھر کی سرکاری شعبہ کی جامعات کے 8500 مستحق طلباء کو گزشتہ ایک سال کے دوران تعلیمی وظائف فراہم کئے ۔ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے اے پی پی کو بتایا کہ اس وقت مستحق طلبہ کو ایک لاکھ روپے تک کے وظائف کی ادائیگی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال نے اس پروگرام کے تحت پچاس فیصد طالبات کو تعلیمی وظائف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال نے پہلے ہی 80 سرکاری شعبہ کی جامعات کو خطوط ارسال کر چکا ہے جس میں ان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے 50 فیصد مستحق طالبات کو یقینی بناتے ہوئے مستحق طلباء کے نام تعلیمی وظائف کے لئے بھجوائیں۔

(جاری ہے)

اعلی تعلیم جاری رکھنے کے لئے مستحق طلبہ و طالبات کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد کے لئے بیت المال 40 یونیورسٹیوں کے ساتھ پہلے ہی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر چکا ہے۔ پاکستان بیت المال نے رواں مالی سال کے دوران 2633 طلبہ و طالبات کو تعلیمی اعانت فراہم کر چکا ہے اور 18 ہزار 375 طلباء و طالبات کو تعلیمی وظیفے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ برس 47 ہزار طلباء کو تعلیمی وظائف اور 40 ہزار سے زائد طلبہ کو تعلیمی اعانت فراہم کی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :