منہاج یونیورسٹی میں تیسری عالمی اسلامی اقتصادی مالیاتی کانفرنس شروع ہو گئی ،

حکومت معیشت کی بحالی اور ترقی کیلئے پرعزم ہے، اعلیٰ تعلیمی اداروں اور قومی وعالمی اقتصادی ماہرین کی تجاویز کا خیر مقدم کرے گی، وفاق وزیر غلام سرور خان کا کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 25 جنوری 2020 16:05

منہاج یونیورسٹی میں تیسری عالمی اسلامی اقتصادی مالیاتی کانفرنس شروع ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ تیسری عالمی اسلامی اقتصادی مالیاتی کانفرنس شروع ہو گئی،کانفرنس میں وفاقی وزیر غلام سرور خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر شرکاء میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، میاں عمران مسعود، خرم نواز گنڈا پور ،بریگیڈیئر اقبال احمد خاں ڈاکٹر محمد شاہد سرویا،امریکہ سے ڈاکٹر کبیرالحسن ،بحرین سے ڈاکٹر رضوان ملک، ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایکریڈیشن کونسل عتیق الرحمان میمن،ملائشیا سے ڈاکٹر محمد عزمی عمر ، سعودی عرب سے ڈاکٹر داؤد اشرف فرانس سے ڈاکٹر صابری بوبکر،ڈائریکٹر سٹیٹ بنک آف پاکستان سید ثمر حسین اوریونیورسٹی آسٹریلیا سے ڈاکٹر محمد اسحاق بھٹی نے شرکت کی، افتتاحی سیشن میں لاٹروب یونیورسٹی آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد اسحاق بھٹی نے کانفرنس کا تعارف پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ عالمی اقتصادی مالیاتی کانفرنس کا مقصد پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے معاشی استحکام کیلئے ترقی کے نئے راستے تلاش کرنا ہے، وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے منہاج یونیورسٹی لاہور کی تیسری ورلڈ اسلامک اکنامک اینڈ فنانس کانفرنس کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کے اہم ایشو پر کانفرنس کا انعقاد ایک قابل تقلید قومی خدمت ہے ،منہاج یونیورسٹی نے اکیڈمیہ سے تعلق رکھنے والے عالمی معاشی ماہرین کو مدعو کیا ہے مجھے خوشی ہے کہ معاشی چیلنجز سے عہدہ برا ہونے کی جدوجہد میں اعلیٰ تعلیمی ادارے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ میں منہاج القرآن کی تعلیم کے فروغ کے لئے عملی کاوشوں کا معترف ہوں اور معیشت کے حوالے سے برین سٹارمنگ سیشنز کے انعقاد پر ڈاکٹر حسین محی الدین اور یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، موجودہ حکومت معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے پرعزم ہے اور اعلیٰ تعلیمی اداروں اور قومی وعالمی اقتصادی ماہرین کی تجاویز کا خیر مقدم کرے گی انشاء اللہ حکومت ملک و قوم کو درپیش معاشی بحرانوں سے نکلنے میں جلد کامیاب ہوگی، انہوں نے کہا کہ اسلامی بینکنگ میں بہت پوٹینشل ہے اور اسلامی بنکاری فروغ پذیر ہے، کانفرنس دو روز تک جاری رہے گی۔