احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو بلیک میل کرنے کے الزام میں ایک اور ملزم گرفتار

ہفتہ 25 جنوری 2020 16:20

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو بلیک میل کرنے کے الزام میں ایک اور ملزم ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا سنانے والی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو مبینہ طور پر بلیک میل کرنے والے ایک اور ملزم نادر خان کو ایف آئی اے نے معصوم شاہ روڈ سے گرفتار کرلیا اور ملزم کاایک روزہ راہداری ریمانڈ حاصل کرلیاگیا ہے۔ریمانڈکے لیے ملزم کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک میں پیش کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جج ارشد ملک کو بلیک میل کرنے والے مرکزی ملزم میاں طارق محمود کے قریبی ساتھی ملزم نادر خان کو ایف آئی اے نے گزشتہ شب معصوم شاہ روڈ ملتان سے گرفتار کیا،ایف آئی اے کے مطابق ملزم نادر خان پر الزام ہے کہ اس نے جج ارشد ملک کینازیبا ویڈیوز بنائیں تاکہ انہیں بلیک میل کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

، تاہم ایف آئی اے نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم نادر خان سے دیگر ساتھیوں کے بارے میں معلومات لینی ہیں اور دیگرڈیجیٹل آلات کی برآمدگی بھی کرنی ہے، اس لیے عدالت سے راہداری ریمانڈ کی استدعا ہے جس پر عدالت نے ملزم کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا ہے، ملزم نادر خان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد پیش کیا جائے گا، ملزم نادر خان کے خلاف الیکٹرانک کرائم، فراڈ اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔