بھارت کی نام نہاد جمہوریت آج پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے،

پوری دنیا جان چکی ہے کہ بھارت جمہوریت کے لبادے میںدر حقیقت ایک انتہاء پسند ہندو ریاست ہے جہاں اوچھے ہتھکنڈوں سے اقلیتوں کے حقوق سلب کئے جا رہے ہیں ، وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور

ہفتہ 25 جنوری 2020 16:26

بھارت کی نام نہاد جمہوریت آج پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی نام نہاد جمہوریت آج پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے اور پوری دنیا جان چکی ہے کہ بھارت جمہوریت کے لبادے میںدر حقیقت ایک انتہا پسند ہندو ریاست ہے جہاں اوچھے ہتھکنڈوں سے اقلیتوں کے حقوق سلب کیے جا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ دنیا کے مایہ ناز میگرین --دی اکانومسٹ نے بھی اپنے تازہ جریدے میں بھارت کی نام نہادجمہوریت کا پردہ چاک کر دیا ہے اور بتایا ہے کہ نرندر مودی او ر آرایس ایس کس طرح بھارت کو ایک ہندو انتہا پسند ریاست بنانے کے لیے تعصب سے بھرے اقدامات کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بھارت میں روز اول سے اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف شدید تعصب پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے دو قومی نظریہ وجود میں آیا، انہوں نے کہا کہ آج ستر سالوں بعد بھارتی ہندو انتہا پسندی اور تعصب اور بھی کھل کے سامنے آچکے ہیں اور بھارت کو ایک انتہا پسند ہندو فاشسٹ ریاست بنانے کے لیے بھارت کے تمام ادارے بھی آر ایس ایس کے اہلکار اور ایجنٹس بن چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کا راگ الاپنے والے بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے ، انہوں نے کہا کہ ایک طرف بھارت یوم جمہوریہ منا رہا ہے تو دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں پچھلے تقریباً چھ ماہ سے کرفیو نافذ ہے اور نہتے کشمیری عوام کا نسلی اور معاشی قتل کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس کو کشمیری عوام کسی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گا اور بھارتی نام نہاد جمہوریت اور ہندو انتہاء پسندی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھے گا ، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے متعدد پروگرامز ترتیب دیئے گئے ہیں جن میں عوام کی کثیر تعداد شرکت کر کے اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے بھرپور یکجہتی اور اس عزم کا اظہار کریں گے کہ آخری سانس تک کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔