بغیر لائسنس کام کرنے والی مویشی فیڈ ملز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

ہفتہ 25 جنوری 2020 16:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے پنجاب بھر میں مویشیوں کی خوراک تیار کرنے والی ملز کے لائسنس کی تجدید کا شیڈول جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بغیر لائسنس کام کرنے والی فیڈ ملز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔محکمہ لائیو سٹاک نے مویشی پال حضرات کو بھی ہدایت کی کہ کسی بھی غیر لائسنس شدہ مل کی خوراک نہ خریدیں اور صرف رجسٹرڈ ملز کا تیار کردہ ونڈا اور خوراک اپنے مویشیوں کو استعمال کروائیں ۔

(جاری ہے)

محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ مویشی پال حضرات کی سہولت اور مویشیوں کو صحت مند خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے محکمہ کی جانب سے صرف لائسنس یافتہ ادارے ہی مویشیوں کی خوراک تیار کرنے کے مجاز ہیں ۔محکمہ لائیو سٹاک ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ فیڈ ملز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تجدید لائسنس کی درخواستیں سنگل فیس کے ساتھ 31جنوری،دو گنا فیس کے ساتھ 31مارچ جبکہ تین گنا فیس کے ساتھ 30جون تک جمع کروائیں بصورت دیگرفیڈ مل کا لائسنس منسوخ کردیاجائے گا ۔

متعلقہ عنوان :