’’پائلٹ شرمپ فارمنگ کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ‘‘کا آغاز

ہفتہ 25 جنوری 2020 16:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) پنجاب حکومت نے وزیراعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت جدید ٹیکنالوجی کا حامل ترقیاتی منصوبہ ’’پائلٹ شرمپ فارمنگ کلسٹر ڈویلپمنٹ پراجیکٹ ‘‘کا آغاز کردیا ہے۔منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں منتخب کردہ 1250ایکڑ میں شرمپ فارمنگ کے لیے 75فی صد تک مالی معاونت فراہم کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

پراجیکٹ ڈائریکٹر فشریز پنجاب نے اے پی پی کو بتایاکہ اس منصوبے کے تحت 5یا10ایکڑ نمکین و کھارے پانی کی حامل زمین کے مالک کو دو برس کے لیے شرمپ فیڈ اور سیڈ پر (پہلے سال 75فی صد اور دوسرے سال 50فی صد )سبسڈی دی جائے گی ۔

ذرائع نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ منصوبے کا بنیادی مقصد جدید اور منافع بخش جھینگا فارمنگ کا فروغ ہے ۔اس منصوبے سے ملکی سطح پر جھینگے کی پیداوار میں اضافہ ہو گا جبکہ زیر زمین نمکین پانی کی حامل زمینوں کو قابل استعمال بنایا جاسکے گا ۔منصوبے سے استفادہ کے لیے درخواست گذار کا صوبہ پنجاب کا سکونتی ہونا ،ذاتی فش فارم کا مالک ہونا یا کم ازکم پانچ برس کا قابل عمل لیز ایگریمنٹ کا حامل ،فش فارمنگ کا کم ازکم تین سالہ تجربہ کا ہونا ضروری قرار دیا گیا تھا ۔اس ضمن میں درخواستوں کی وصولی کاکام مکمل ہو چکا ہے ۔