عوام کے لیے بولنے پر ڈیموکریٹس میرے پیچھے پڑے ہوئے ہیں،ٹرمپ

ڈیموکریٹس ارکان جومرضی کرلیں ہم ہی جیتیں گے، ہمیں جیتنا آتا ہے،مارچ فار لائف ریلی سے خطاب

ہفتہ 25 جنوری 2020 16:41

عوام کے لیے بولنے پر ڈیموکریٹس میرے پیچھے پڑے ہوئے ہیں،ٹرمپ
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے کہاہے کہ ڈیموکریٹس میرے پیچھے اس لیے پڑے ہیں چونکہ میںعوام کے لیے بولتا ہوں، عوام کے لیے جدوجہد کرتا ہوں۔ لیکن، ہم ہی جیتیں گے، کیونکہ ہمیں جیتنا آتا ہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن میں اسقاط حمل مخالف سالانہ ریلی میں شرکت کی، جس کے لیے انھوں نے کہا کہ ان کے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ وہ اس ریلی میں شرکت کرنے والے تاریخ کے پہلے امریکی صدر ہیں۔

نیشنل مال پر مارچ فار لائف نامی ریلی میں شریک ہزاروں افراد سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ نومولود بچوں کا اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں کبھی اتنا مضبوط محافظ موجود نہیں تھا۔صدر نے خیرمقدم کرنے والے اجتماع سے کہا کہ پیدا ہونے والا ہر بچہ پیار کی علامت ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ہر بچہ خاندان کے لیے خوشی لاتا ہے۔ ہر شخص کا تحفظ کیا جانا چاہیے۔ٹرمپ نے یہ کہتے ہوئے ڈیموکریٹس پر تنقید بھی کی کہ اسقاط حمل کے معاملے پر انھوں نے ایک انتہائی قدامت پسند اور شدت پسند مؤقف اختیار کر رکھا ہے۔

ریلی میں ٹرمپ نے اپنے بارے میں کہا کہ میں تحریک برائے زندگی کا پختہ حامی ہوں۔اپنے خطاب میں ٹرمپ نے سینیٹ میں جاری مواخذے کے بارے میں صرف ایک ہی جملہ کہا کہ وہ میرے پیچھے اس لیے ہیں چونکہ میں آپ کے لیے بولتا ہوں، آپ کے لیے جدوجہد کرتا ہوں۔ لیکن، ہم ہی جیتیں گے، کیونکہ ہمیں جیتنا آتا ہے۔