چین میں مقیم پاکستانی چینی محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں، سفارتخانہ کا انتباہ

پاکستانی سفارتخانہ، ووہان میں طلبا سمیت دیگر ہم وطنوں کے ساتھ رابطے میں ہے، بیان

ہفتہ 25 جنوری 2020 17:03

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) چین سے پھیلنے والے ہلاکت خیز کورونا وائرس کے دیگر مملک تک پہنچنے کے بعد بیجنگ میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے چین میں مقیم پاکستانیوں کے لیے انتباہ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث چین میں 40 سے زائد افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد افراد اس وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جس میں تقریباً 250 کی حالت تشویشناک ہے۔

مذکورہ وائرس چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے شروع ہوا اور 39 افراد کی ہلاکت کا سبب بنا جبکہ متاثرہ افراد کی بھی سب سے زیادہ تعداد ووہان سے ہی تعلق رکھتی ہے۔چین کے دارالحکومت میں موجود پاکستانی سفارتخانے نے ووہان میں مقیم پاکستانی طلبا اور دیگر پاکستانی افراد کو چین کے محکمہ صحت کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

سفارتخانے سے جاری بیان میں چین کی وزارت صحت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ کورونا وائرس ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہوجاتا ہے۔

بیان میں بتایا گیا کہ ووہان کی شہری حکومت نے عوام کو عارضی طور پر طویل فاصلے کے سفر سے روک دیا ہے اور ووہان سے ریلوے اور ہوائی جہازوں کے سفری شیڈول بھی منسوخ کر دیے گئے ہیں۔سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ ووہان شہر کی حکومت نے مذکورہ اقدامات کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اٹھائے ہیں۔بیان میں پاکستانی کمیونٹی خصوصاً طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ حفظان صحت کا خیال اور صحت ایڈوائزری پر عمل کریں۔

سفارتخانے کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ، ووہان میں طلبا سمیت دیگر ہم وطنوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ اگر کوئی پاکستانی شہری کورونا وائرس سے متاثر ہو تو چینی حکام سے تعاون کرے اور متاثرہ پاکستانی فوری طور پر بیجنگ میں مشن کو اطلاع دیں۔اس کے ساتھ جن طلبا کے ویزا کی معیاد اختتام پذیر ہونے والی ہیں انہیں جامع دستاویزات کے ساتھ سفارتخانہ کو مطلع کرنے کا کہا گیا کہ طلبا سمیت پاکستانی کمیونٹی سفارتی مشن سے بلا روک ٹوک معاونت کے لیے رابطہ کرے۔

متعلقہ عنوان :