طلبہ کی کامیابی کے پیچھے والدین کی کوششیں ہوتی ہیں

عمران اسماعیل کا عثمان انسٹیٹیوٹ کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب

ہفتہ 25 جنوری 2020 17:07

طلبہ کی کامیابی کے پیچھے والدین کی کوششیں ہوتی ہیں
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ طلبہ کی کامیابی کے پیچھے والدین کی کوششیں ہوتی ہیں ، ان کی سوچ عظیم ہوتی ہے وہ قربانی دیتے ہیں، اپنی خواہشات کو دباتے ہیں تاکہ ان کی اولاد اپنا مستقبل تابناک بناسکے۔جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالاجی کے پہلے جلسہ تقسیم اسناد سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب این ای ڈی یونیورسٹی آف انجیئنرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سروش ہشمت لودھی ، عثمان انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظاہر علی سید ، رجسٹرار، پروفیسرز اور والدین بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ طلبہ کو اپنے والدین کے ناموں کے ساتھ بلانا خوشگوار لگا، اس سے والدین کی حوصلہ افزائی ہوئی ، جنہوں نے اس دن کے لئے بے انتہا محنت اور جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے کہا کہ نوجوان بیرون ملک جانے کو ترجیح دیتے ہیں حالانکہ اس ملک میں سب کچھ ہے ، پاکستان میں مواقع ہیں، آپ ہمت کریں، اللہ مدد کرنے والا ہے -عمران اسماعیل نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کی صورت میں حکومت نوجوانوں کو موقع دے رہی ہے کہ وہ ملک کے اندر رہتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 50 لاکھ تک کا قرضہ دیا جا رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بڑے لوگ بڑا سوچتے ہیں، ان کے خواب بڑے ہوتے ہیں اس لئے آپ لوگوں کو بڑے خواب دیکھنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر کو وزیراعظم عمران خان کراچی میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کریں گے - گورنر سندھ نے کہا کہ ہمارے لیے آئیڈیل ریاست مدینہ کی ہے جس کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ابتدائی دور میں پاکستان تھائی لینڈ ، دبئی اور ملائشیا سے کہیں آگے تھا ، ایک بار پھر ساری دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں اور پاکستان پھر سے ابھر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ جیسے نوجوانوں کی محنت اس ملک کو اور آگے لے کر جائے گی ۔ تقریب میں 271 طلبہ کو اسناد تفویض کی گئیں، اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 6 طلبہ کو سونے کے تمغوں اور 25 ہزار نقد انعامات سے نوازا گیا جبکہ الیکٹریکل انجینئرنگ بیچ 2015 سے 147، بیچلرز آف کمپیوٹر سائنس کے 55، بیچلرز آف سافٹ وئیر انجینئرنگ کے 69 طلبہ کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔

ڈائریکٹر عثمان انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ڈاکٹر ظاہر علی سید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 25 سال میں 4 ہزار طلبہ یو آئی ٹی سے گریجویشن کرچکے ہیں ، یو آئی ٹی کے طالبعلم دنیا بھر میں اپنے ادارے کا نام روشن کر رہے ہیں ، اپنے نئے انجینئرز سے بھی ہمیں ایسی ہی امیدیں وابستہ ہیں۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سروش ہشمت لودھی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔