2020ء الیکشن کا نہیں، ملک کی ترقی کا سال ہوگا، میری زندگی کا مقصد ایم ایل ون ہے،

اس کے بعد ریٹائر ہوجاؤں گا، ایم ایل ون سے ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، آئندہ 10 سال میں ملکی قرضے ادا کردیئے جائیں گے، سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی،لال حویلی میں تاریخی جلسہ کرینگے،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا مغلپورہ ریلوے ڈرائی پورٹ میں فریٹ کنٹینر ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 25 جنوری 2020 17:33

2020ء الیکشن کا نہیں، ملک کی ترقی کا سال ہوگا، میری زندگی کا مقصد ایم ..
لاہور۔25 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 2020ء الیکشن کا نہیں بلکہ ملک کی ترقی کا سال ہوگا، میری زندگی کا مقصد ایم ایل ون ہے، اس کے بعد ریٹائر ہوجاؤں گا، ایم ایل ون سے ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا‘یکم مارچ سے پانچوں ڈرائی پورٹس کو دوباروہ شروع کرینگے، 10 سال میں ملک کے قرضے ادا کردیئے جائیں گے،جن لوگوں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ‘ وہی منہ صاف کئے بیٹھے ہیں، سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ جھوٹ کی آما جگاہ ہے، حکومت5 فروری کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منا رہی ہے‘ لال حویلی میں تاریخی جلسہ کرینگے۔

وہ ہفتہ کے روز مغلپورہ ریلوے ڈرائی پورٹ میں فریٹ کنٹینر ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم ایل ون انقلابی اقدام ہے، حکومت اسے مکمل کرے گی‘ جب تک ایم ایل ون نہیں بنتا ریلوے ترقی نہیں کرسکتا‘ ایم ایل ون سے ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا‘ میری خواہش ہے کہ غریب کو روزگار کی فراہمی ممکن ہو سکے‘ میری زندگی کا مقصد ایم ایل ون ہے، اس کے بعد ریٹائر ہوجاؤں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت 5 فروری کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا دن منا رہی ہے‘ لال حویلی میں تاریخی جلسہ کرینگے‘ پاکستان آزادی کی جدو جہد میںکشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ہر مشکل سے نکلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 10 سال میں ملک کے قرضے ادا کردیئے جائیں گے، تحریک انصاف کی حکومت کو آتے ہی 40 سے زائد مسائل پیش تھے، 16 ماہ میں جو مسائل ہمیں ملے کسی اور حکومت کو نہیں ملے،کوئی ایسا ہفتہ نہیں گزرا جس میں حکومت کو مسائل سے نپٹنا نہ پڑا ہو،جن لوگوں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ‘ وہی منہ صاف کئے بیٹھے ہیں ، سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ جھوٹ کی آما جگاہ ہے، عمران خان ہر مشکل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2020 الیکشن کا نہیں بلکہ ملک کی ترقی کا سال ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مجبوری بن چکا ہے، معیشت کو اتنا مضبوط ہونا چاہیے کہ ہم آئی ایم ایف سے نکل جائیں، اگر معیشت مضبوط ہو گئی تو خارجہ پالیسی بھی مضبوط ہو جائے گی، 6 ارب ڈالر اگر کوئی اور دے دیتا تو آئی ایم ایف کے پا س نہ جاتے، جس کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ساتھ ہیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی کی قیمت میں اضافے کی ذمہ داری چینی مافیا ہے،کابینہ اجلاس میں آٹے کی برآمدات کے خلاف ووٹ دیا تھا، ملک میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں مضبوط ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یکم مارچ سے 5 ڈرائی پورٹس کھولنے جا رہے ہیں،ریلوے کی ترقی ملک کی ترقی ہے، فریٹ ٹرینوں پر ٹریکر نصب کئے جائیں گے، کنٹینر فریٹ ٹرین سے ریلوے کو خاطر خواہ ریونیو حاصل ہو گا‘ لاہور اور کراچی کے تاجروںکو درآمدی اور برآمدی اشیاء کے حصول میں آسانی ہو گی‘ مغلپورہ ڈرائی پورٹس سے کنٹینرز کی ہفتے میں دو ٹرینیں چلائی جائینگی‘ کنٹینر فریٹ ٹرین مغلپورہ ڈرائی پورٹ سے کراچی پورٹ تک چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ مغلپورہ ڈرائی پورٹ سے فریٹ ٹرین آپریشن چار سال بعد شروع ہوا ہے،جلال آباد تک ریلوے ٹریک سے سمگلنگ ختم ہو جائیگی۔قبل ازیں وفاقی وزیرشیخ رشید نے مغلپورہ ڈرائی پورٹ پر نئی فریٹ کنٹینر ٹرین کا افتتاح کر دیا۔