اوکاڑہ ، ٹڈی دل کے مختلف علاقوں میں حملے ، کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا

لوگ اپنی فصلوں کو ٹڈی دل کے نقصانات سے بچانے کے لئے ڈھول بجاکر ٹڈی دل کے حملہ کو ناکام بناتے رہے

ہفتہ 25 جنوری 2020 17:54

کرمانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) ٹڈی دل کے اوکاڑہ کے نواحی علاقوں بہادر نگر فارم ،بنگلہ گوگیرہ کے دائیں بائیںعلاقہ جات کی کھڑی فصلوں پر شدید حملہ کے نتیجے میں زمینداروں کو کافی نقصان پہنچا۔اس سے قبل شیرگڑھ کے علاوہ تھانہ شاہبھور کے گائوں 37/4L میں بھی فصلوں پر حملہ جبکہ اوکاڑہ شہر کے مختلف علاقہ جات میں مکانوں کی چھتوں اور گلیوں میں ٹڈی دل کے گرنے کی اطلاعات عام ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بنگلہ گو گیرہ کے ارد گرد کھڑی فصلوں پر ٹڈی دل نے شدید حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں فصلوں کے کافی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ بہادر نگر فارم کے ملحقہ موضع دادوآنہ میں تقریباً پچاس ایکڑ کھڑی فصلوں پر ٹڈی دل نے شدید حملہ کر دیا۔

(جاری ہے)

لوگوں نے اپنی فصلوں کو ٹڈی دل کے نقصانات سے بچانے کے لئے ڈھول بجاکر ٹڈی دل کے حملہ کو ناکام بنانے کی تدابیر بھی کیں۔

زمینداروں نے شکایات کی ہیں کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں کیا گیا جبکہ تاحال بھی ٹڈی دل ان علاقوں میں موجود ہیں۔اس ضمن میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) اوکاڑ ہ چوہدری شہباز اختر نے صحافیوں سے ملاقات میں بتایا کہ محکمہ زراعت نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات کرتے ہوئے لمبڈا نامی سپرے درختوں پر کروایاکیونکہ ٹڈی دل نے گذشتہ شام حملہ کیا اور درختوں پر بسیراکرلیا جس کی اطلاعات ملنے پر محکمہ زراعت کی ٹیمیں ٹڈی دل کے تدارک کے لئے موقع پر پہنچ گئیں اور حالات کو قابو کر لیا۔چوہدری شہباز اختر کے مطابق بہادر نگر فارم سے ٹڈی دل فیصل آباد طرف جبکہ شیر گڑھ سے ٹڈی دل نے بارڈر کی طرف رخ کرلیا۔