پنجاب میں وسائل کے منصفانہ استعمال سے عوامی بہبود کا عمل جاری ہے،گورنر پنجاب

ہفتہ 25 جنوری 2020 18:15

پنجاب میں وسائل کے منصفانہ استعمال سے عوامی بہبود کا عمل جاری ہے،گورنر ..
راولپنڈی ۔ 25جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2020ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاہے کہ پنجاب حکومت وسائل کے ایماندارانہ استعمال سے عوام کی بہبود کیلئے کام کر رہی ہے جس کے مثبت نتائج سے عوام الناس کو سہولیات میسر آ رہی ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ سے ملاقات میں کیا ۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو اپنی وزارت کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ماضی میں غیر رسمی بنیادی تعلیم کو نظر انداز کیا گیا اور وسائل کے استعمال کے باوجود محض خانہ پری ہوتی رہی ۔راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کی نگرانی میں نہ صرف غیر رسمی تعلیمی اداروں میں اضافہ اور ان کا معیار بہتر بنایا جا رہا ہے بلکہ بچوں اور بالغوں کی تربیت بھی اس نہج پر کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے کہ وہ اپنی دینی، خاندانی و معاشرتی ذمہ داریوں سے کماحقہ آگاہ ہو کر مفید شہری بن سکیں۔

(جاری ہے)

راجہ راشد حفیظ نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ اس سے قبل غیر رسمی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو محض کتابیں پڑھائی جاتی تھیں مگر ہم نے سپورٹس، سیاحت اور دیگر محکموں کے تعاون سے ان طلبہ کیلئے کھیلوں سمیت دیگر ہم نصابی سرگرمیوںمیں بھی حصہ لینے کا آغاز کر دیا ہے۔ اسی طرح جیلوں میں بند قیدیوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت اور اصلاح بھی تعلیم بالغاں کا لازمی جزو بنائی جا رہی ہے ۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کی کارکردگی کو سراہا اور غیررسمی تعلیم کے شعبے کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کی ۔