Live Updates

وکلا برادری کو بھی صحت انصاف کارڈ دینگے،پنجاب کے وکلا کا کنونشن بلایا جائیگا، پیکیج کا اعلان کرینگے‘عثمان بزدار

لاہور بار کے ہسپتال کیلئے فنڈز دیئے جائیں گے، لاہور میں وکلا کیلئے ہوسٹل کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں پنجاب میں آپ انتہائی خلوص اورمحنت کیساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں،ہم آپ کے سپاہی ہیں اورآپ کیساتھ کھڑے ہیں

ہفتہ 25 جنوری 2020 18:42

وکلا برادری کو بھی صحت انصاف کارڈ دینگے،پنجاب کے وکلا کا کنونشن بلایا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے انصاف لائرز فورم کے صدر چوہدری اکبر گجر کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے وکلا برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔

میں خود وکیل ہوں اور وکلا کے مسائل کا ادراک ہے۔ عام آدمی کو انصاف مہیا کرنے کیلئے وکلا برادری کا کلیدی کردار ہے۔ وکلا برادری کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے اور اس ضمن میں طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بار کے ہسپتال کیلئے فنڈز دیئے جائیں گے اور لاہور میں وکلا کیلئے ہوسٹل کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عنقریب پنجاب بھر کے وکلا کا کنونشن بلایا جائے گا اور اس کنونشن میں وکلا کیلئے پیکیج کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس معاشرے میں انصاف نہ ہو وہاں جنگل کا قانون ہوتا ہے اور ناانصافی کی بنیاد پر معاشرے زیادہ دیر قائم نہیں رہتے۔ معاشی و سماجی انصاف کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ ہماری جماعت کا نام تحریک انصاف ہے اور ہم انصاف کے علمبردار ہیں اور وکلا برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انصاف لائرز فورم کے وکلا نے وزیراعلی عثمان بزدار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے سپاہی ہیں اورآپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پنجاب میں آپ انتہائی خلوص اورمحنت کے ساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں جو لائق تحسین ہیں۔ وزیراعلی سے ملاقات کرنے والوں میں جنرل سیکرٹری امجد شہزاد زبیری، سینئر نائب صدر سید فرحان علی، سینئر نائب صدر ذوالفقار علی، نائب صدر نعمان عزیز قریشی، سیکرٹری اطلاعات میاں مزمل شریف، جوائنٹ سیکرٹری نوید احمد کمبوہ، فنانس سیکرٹری سید عدیل حسین اور جوائنٹ سیکرٹری طاہر گجر شامل تھے۔ سیکرٹری کوآرڈینیشن وزیراعلی، سیکرٹری عملدرآمد وزیراعلی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات