Live Updates

ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، راؤف صدیقی

لوگوں کو سہولت نہیں دے سکتے تو حکومت میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں، مہنگائی نے لوگوں کے منہ کا نوالہ چھین لیا، ایسا ہی رہا تو لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ایم کیوایم کے مرکزی رہنماء راؤف صدیقی کی اتحادی حکومت پر تنقید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 25 جنوری 2020 18:44

ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، راؤف صدیقی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جنوری 2020ء) ایم کیوایم کے مرکزی رہنماء راؤف صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، لوگوں کو سہولت نہیں دے سکتے تو حکومت میں رہنے کا کوئی فائدہ نہیں، مہنگائی نے لوگوں کے منہ کا نوالہ چھین لیا، ایسا ہی رہا تو لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی ہی اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے لوگوں کے منہ کا نوالہ چھین لیا ہے۔

پورے ملک کی یہی صورتحال ہے،ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، حالات ایسے ہی رہے تو لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ لگتا ہے ہی نہیں ہے کہ ملک میں کوئی نظام یا گورننس ہے، یہ پوری حکومت کی مشینری ناکامی سے دوچار ہوئی ہے یا پھر جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اگر ہم حکومت میں رہ کر عوام کو سہولت نہیں دے سکتے تو پھر ہمارا حکومت میں رہنے اور وزارتیں لینے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز بھی حکومتی وفد نے اتحادی جماعت ایم کیوایم کے تحفظات دور کرنے کیلئے ملاقات کی، ملاقات میں ایم کیوایم کے مطالبات کو حل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومتی وفد نے خالد مقبول صدیقی کوکابینہ کا حصہ رہنے کیلئے منایا، لیکن انہوں نے فی الحال کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔ حکومتی ٹیم نے کہا کہ ایم کیوایم کے ساتھ مل بیٹھ کر کئی ایشوز حل کرلیے ہیں۔

باقی معاملات بھی حل کرلیں گے۔ جب تک بات فائنل نہیں ہوجاتی تب تک خالد مقبول صدیقی کا استعفا منظورکیا جائے گا اور نہ ہی ان کی جگہ کسی اور کو وزیر بنایا جائے گا۔ بہت جلد وزیراعظم عمران خان سے خالد مقبول صدیقی کی ملاقات ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف اور ایم کیوایم وفود کے درمیان آئندہ ملاقات بدھ کو ہوگی۔ آئندہ ہفتے ہونے والی ملاقات میں مزید پیشرفت کا امکان ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات