گورنر ہائو س میں سہارا کینسر اسپتال کے لئے عطیات جمع کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا

دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے سراہے جانے کے قابل ہیں، سہارا ٹرسٹ کی خدمات لائق تحسین ہیں۔ گورنر سندھ

ہفتہ 25 جنوری 2020 21:21

گورنر ہائو س میں سہارا کینسر اسپتال کے لئے عطیات جمع کرنے کے لئے تقریب ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2020ء) گورنر ہائوس میں سہارا ٹرسٹ فار لائف کے سہارا کینسر ہسپتال نارووال کے لیے فنڈ ریزنگ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ تقریب میں اداکار افضل خان (جان ریمبو) ، معروف صنعت کار یٰسین ملک، انجم نثار، احمد چنائے، امتیاز عباسی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ادارے اور افراد لائق تحسین ہیں کیونکہ یہ حکومت کا بوجھ بانٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معروف سماجی اداروں میں سہارا فار لائف ٹرسٹ عوامی خدمت کا ایک بے مثال ادارہ ہے اور صحت اور تعلیم کے شعبہ میں ٹرسٹ بہترین خدمات انجام دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے تحت صغریٰ شفیع میڈیکل کمپلیکس اور سہارا میڈیکل کالج صحت و تعلیم کے شعبوں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کے ان منصوبوں سے نہ صرف نارووال بلکہ دیگر اضلاع کے عوام بھی مستفید ہورہے ہیں۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ ٹرسٹ کے تحت سرطان کے علاج کے لئے اسپتال کے قیام کا منصوبہ سراہے جانے کے قابل ہے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ سہارا کینسر اسپتال کے قیام سے سرطان جیسے موذی مرض میں مبتلا مریضوں کو امید کی کرن ملے گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ کینسراسپتال کے قیام کے لئے مخیر حضرات دل کھول کر مدد کریں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ابرارالحق سے پرانی وابستگی ہے ، زکوات اور خیرات اللہ سے تجارت ہے ، اللہ کے ساتھ کاروبار سب سے بہتر کاروبار ہے کیونکہ جو پیسہ اللہ کی راہ میں خرچ ہوتا ہے وہ آخرت میں کام آئے گا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صحت اور تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے اور جو ادارے ان شعبوں میں کام کررہے ہیں وہ دراصل حکومت کی مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سب سے زیادہ فلاحی کام کرتے ہیں۔

اس موقع پر چیئرمین سہارا ٹرسٹ ابرار الحق کی جانب سے شرکاء کو ٹرسٹ کے فلاحی کاموں کے بارے میں آگاہی دی گئی، سہارا ٹرسٹ کے زیر انتظام سہارا کینسر ہسپتال نارووال کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ چیئر مین ٹرسٹ ابرار الحق نے کہا کہ ٹرسٹ تعلیم و صحت کے شعبوں میں منصوبے جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کینسر اسپتال سے خصوصاً علاج کی استطاعت نہ رکھنے والے افراد کو فائدہ ہوگا۔ ابرار الحق نے بتایا کہ اسپتال کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ آج کی اس تقریب کا مقصد ریڈیو تھراپی کے آلات کی خریداری میں مخیر حضرات کا تعاون حاصل کرنا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین ٹرسٹ ابرار الحق کو مخیر حضرات کی جانب سے اسپتال کی تعمیر کے لئے چیک بھی دئیے گئے۔