کرونا وائرس سے ہلاکتیں، چین میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی

وائرس پر قابو پانے کیلئے چین کے دارالحکومت بیجنگ کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا، کل سے کوئی بھی شخص نہ بیجنگ میں داخل ہوسکے گا اور نہ ہی کوئی بیجنگ سے باہر سفر کرسکے گا

Ahmad Tariq احمد طارق ہفتہ 25 جنوری 2020 22:58

کرونا وائرس سے ہلاکتیں، چین میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی
بیجنگ (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 25 جنوری 2020) : کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی وجہ سے چین میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ کو مکمل طور پر لاک ڈاؤن کردیا گیا، کل سے کوئی بھی شخص نہ بیجنگ میں داخل ہوسکے گا اور نہ ہی کوئی بیجنگ سے باہر سفر کرسکے گا۔ چین میں کرونا وائرس نے تباہی مچادی ہے۔ وائرس پر قابو پانے کیلئے چین کے سیاحتی مقام پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے، لوگوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص سیاحتی مقام کا رخ نہ کرے۔

دوسری جانب چین نے عوام کو وائرس سے بچانے کیلئے 15 شہر لاک ڈائون اور ووہان میں ہنگامی بنیاد پر نئے ہسپتال کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس جان لیوا بیماری سے دنیا بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا، چین کے نئے قمری سال کے پہلے دن بیجنگ اور ہانگ کانگ سمیت بڑے شہروں میں تقریبات منسوخ کر دی گئیں، کرونا وائرس کے پیش نظر ہانگ کانگ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، حفاظتی اقدامات کے باعث 15 چینی شہر لاک ڈائون ہونے سے 5 کروڑ 70 لاکھ افراد کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ووہان شہر میں ہنگامی بنیاد پر 1300 بیڈز پر مشتمل نیا ہسپتال بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، چینی شہر ووہان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مرنے والوں کی تعداد 39 ہو گئی ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

 جبکہ جان لیوا کرونا وائرس کا پاکستان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے، ملتان میں چینی باشندے کو ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے، جہاں ان کو و آئی سو لیشن وارڈ منتقل کرکے نمونے لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں۔