لائیو شو میں پرفارمنس کے دوران ماں کے انتقال کی خبر نے 14 سالہ بچی پر قیامت ڈھا دی

14 سالہ گلوکارہ جناح نے ٹی وی شو میں اپنی کامیابی کی خوشخبری سنانے کے لیے ماں کو فون کیا تو چچا نے ماں کے انتقال کی خبر سنا دی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 26 جنوری 2020 07:53

لائیو شو میں پرفارمنس کے دوران ماں کے انتقال کی خبر نے 14 سالہ بچی پر ..
جکارتہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 25 جنوری 2020ء) لائیو شو میں پرفارمنس کے دوران ماں کے انتقال کی خبر نے 14 سالہ بچی پر قیامت ڈھا دی۔ انڈونیشیا کی 14 سالہ گلوکارہ جناح نے ٹی وی شو میں اپنی کامیابی کی خوشخبری سنانے کے لیے ماں کو فون کیا تو چچا نے ماں کے انتقال کی خبر سنا دی۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں ایک 14 سالہ معصوم بچی جناح کی والدہ عین اس وقت انتقال کر گئیں جبکہ بچی ایک لائیو شو میں گائیکی کے مقابلے میں شریک تھی اور فاتح قرار پائی تھی۔

خبر ایجنسی کے مطابق جناح اپنی بیمار ماں کے علاج کے لیے پیسے جمع کرنے کے غرض سے شو میں شریک تھی، اور دوران شو جب اسے بتایا گیا کہ وہ کامیاب قرار پائی ہے اور اگلے راؤنڈ میں جا چکی ہے تو اس کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔

(جاری ہے)

جناح کے والد انتقال کر چکے تھے اور اس کی ماں ذیابطیس کی مریضہ تھیں جو کہ تنگی حالات کی وجہ سے علاج و معالجے کے اخراجات برداشت کرنے کے قابل نہیں تھیں جس وجہ سے جناح ٹی وی شو میں مقابلے میں شریک تھی تاکہ وہاں سے جیت کر پیسے وصول کرے اور اپنی ماں کا علاج کروا سکے۔

لڑکی نے مقابلے کے منصفین کو بتایا تھا کہ وہ اس شو میں اس لیے شریک ہے کہ وہ جیتی جانے والی رقم سے اپنی ماں کا علاج کروا سکے گی۔ مقابلے کے منصفین نے جب جناح کو اگلے راؤنڈ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے اس خوشخبری کا مزہ دوبالا کرنے کے لیے بچی کی اس کی ماں سے فون پر بات کروانا چاہی تا کہ معصوم بچی اپنی کامیابی کے متعلق ماں کو بتا سکے۔

اس ضمن میں انہوں نے لڑکی کے رشتہ داروں کو فون کیا جن کے پاس اس کی ماں زیر علاج تھیں تو فون لڑکی کے چچا نے اٹھایا اور ماں کے انتقال کی خبر سنائی۔ جناح کے چچا نے اسے بتایا کہ اس کی ماں کا اس کے لیے پیغام ہے کہ مضبوط بن کر رہے کیونکہ ان کے بعد خاندان کا سہارا تم ہی ہو، چچا کا کہنا تھا کہ ہم نے ان کا بہت خیال رکھا مگر اللہ ان سے ہم سے بھی زیادہ پیار کرتا تھا اس لیے انہیں اپنے پاس بلا لیا۔ ماں کی انتقال کی خبر سن کر بچی کی تمام خوشی غم میں بدل گئیں اور وہ زار و قطار رونے لگی۔ لڑکی کی حالت زار دیکھ کر مقابلے کے منصفین بھی زار و قطار رو پڑے، ہال میں موجود ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔

متعلقہ عنوان :