پی ایس ایل 5،اسلام آباد یونائیٹڈ کی باگ ڈور شاداب خان کے سپرد

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے: لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 26 جنوری 2020 15:04

پی ایس ایل 5،اسلام آباد یونائیٹڈ کی باگ ڈور شاداب خان کے سپرد
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26جنوری 2020ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کامیاب ترین اور 2016ء اور2018ء کے ایڈیشنز کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے 5ویں ایڈیشن کے لیے لیگ سپنرشاداب خان کو ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا۔شاداب خان پی ایس ایل 2 میں ایمرجنگ کیٹگری میں منتخب ہوئے تھے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ یہ ان کا چوتھا سال ہو گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیلتے ہوئے شاداب خان نے 32 میچز میں 29 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔پی ایس ایل فور میں کپتاں محمد سمیع کی غیر موجودگی میں شاداب خان نے 3 میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کی اور ان کی قیادت میں 2میچز میں فتح بھی حاصل ہوئی تھی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا ہے ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے جو کرکٹر بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے وہ بعد میں پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائند گی کا اعزاز بھی حاصل کرے، ہمیں آج فخر ہے کہ شاداب خان مسلسل ترقی کی راہوں پر گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

علی نقوی نے مزید کہا کہ پچھلے سیزن میں جس طرح شاداب خا ن نے کپتانی کی تھی اس سے ہمیں اندازہ ہو گیا تھا کہ مستقبل میں ہماری ٹیم کی نمائندگی شاداب خان ہی کریں گے، امید کرتے ہیں کہ وہ اپنی کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھیں گے۔اس موقع پر شاداب خان کا کہنا تھا علی نقوی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور میری پوری کوشش ہوگی کہ میں ان کی امیدوں پر پورا اتروں۔شاداب خان نے کہا کہ میں چار سال سے اس فرنچائز کے ساتھ منسلک ہوں اور مجھے بھی یقین ہے کہ اپنی فرنچائز کی سوچ کو لے کر نہ صرف اپنی ٹیم کی قیادت کروں گا بلکہ ٹیم آگے لے کر جاؤں گا-