پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ (آج )کھیلا جائیگا

سیریز جیتنے کے باوجود پاکستان کیلئے میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بچانے کیلئے میچ جیتنا ہوگا

اتوار 26 جنوری 2020 16:30

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2020ء) پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج ( پیر) کے روز قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔پاکستان کی ٹیم بنگال ٹائیگر کو 2-0سے شکست دے کر پہلے ہی سیریز جیت چکی ہے تاہم گرین شرٹس کو پاکستان کو ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن بر قرار رکھنے کیلئے تیسرا میچ بھی جیتنا ہوگا ۔

پاکستان اس وقت ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ نویں ہے۔

(جاری ہے)

اگر بنگلہ دیش نے پاکستان سے تیسرا میچ جیت لیا تو پاکستان اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہو جائے گا اور اس کی جگہ آسٹریلیا ٹی ٹونٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لے گا۔ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان 270 پوائنٹس کے سر فہرست ہے جبکہ ،دوسرے نمبر کی آسٹریلیا کی ٹیم صرف ایک پوائنٹ کی دوری پرہے ۔انگلینڈ تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، بھارت پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، افغانستان آٹھویں، بنگلہ دیش نوویں اور ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر ہے۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کو موقع دیا جاسکتا ہے، تاکہ وہ اپنی کارکردگی دکھا سکیں۔