بنگلہ دیش کو ہرانے سے تیسری پوزیشن پر جانیکا خطرہ ٹل گیا

عالمی نمبر ایک پوزیشن بچانے کیلئے پاکستان کوپیرکوآخری میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 26 جنوری 2020 17:45

بنگلہ دیش کو ہرانے سے تیسری پوزیشن پر جانیکا خطرہ ٹل گیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26جنوری 2020ء )  پاکستانی کرکٹ ٹیم نےبنگلہ دیش کو ہرانے سے قبل آخری ٹی ٹونٹی سیریز اکتوبر2018ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف جیتی تھی۔دو میچ جیت کر پاکستان کا عالمی نمبر تین پر جانے کا خطرہ ٹل گیا لیکن عالمی نمبر ایک پوزیشن بچانے کیلئے پاکستان کو پیر کو آخری میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہے تاکہ پاکستان کی نمبر ایک پوزیشن بچ سکے۔

سرفراز احمد کی قیادت میں 15ماہ قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تین صفر اور اس سے قبل آسٹریلیا کو تین صفر سے وائٹ واش کیا تھا۔جس کے بعد پاکستان کو انگلینڈ میں ایک ٹی ٹونٹی میں شکست ہوئی۔جنوبی افریقا میں پاکستان کو دو ایک سے شکست ہوئی جبکہ سری لنکا نے تین صفر اور اآسٹریلیا نے 2-0سے شکست دی تھی۔یہ سیریز پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔

(جاری ہے)

سرفہرست رہنے کے لیے پاکستان کو اس سیریز کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے اور ایک بھی شکست اسے نمبر ایک پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے۔موجودہ سیریز سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ سال دس میں سے صرف ایک ٹی ٹونٹی میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔ آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک میچ بارش کی وجہ سے نامکمل رہا تھا۔بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ اس وقت نویں ہے۔

پاکستان آنے سے قبل بنگلہ دیش نے گزشتہ سال آٹھ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے چار جیتے تھے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔لاہور کے دو میچوں سے پہلےدونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر صرف ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اپریل 2008ء میں کراچی میں کھیلا گیا جو پاکستان نے 102رنز سے جیتا تھا۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا گیا اولین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی تھا۔