عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ رہیں گے، جانتا ہوں کون سازشی ہے، عمران خان

نیا وزیراعلیٰ 20روز بھی نہیں چل سکے گا، خیبرپختونخواہ اسمبلی کے3 وزراء فارغ کردیے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 جنوری 2020 23:10

عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ رہیں گے، جانتا ہوں کون سازشی ہے، عمران خان
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ رہیں گے، جانتا ہوں کون سازشی ہے، نیا وزیراعلیٰ 20روز بھی نہیں چل سکے گا، خیبرپختونخواہ اسمبلی کے3 وزراء فارغ کردیے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں ارکان صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں واضع کر دینا چاہتا ہوں کہ کسی بھی صورت دباؤ میں نہیں آئینگے، ہمیشہ چیلنجز کا سامنا کیا ہے اور آئندہ بھی کرینگے، پنجاب میں پہلی دفعہ جرائم پیشہ عناصر اور قبضہ مافیا قانون کی گرفت میں آئے۔

ترقی کاموں کے حوالے سے کسی علاقے کو نظرانداز نہیں کیا جائیگا، ارکان اسمبلی اپنے حلقوں سے قریبی رابطہ رکھیں۔

(جاری ہے)

عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عثمان بزدار ہی وزیر اعلیٰ پنجاب رہیں گے۔ عثمان بزدار کو ہٹا کر وزیراعلی مقررکیا گیا تو وہ 20 روز بھی نہیں چل سکے گا۔ عثمان بزدار کو کسی صورت ان کے عہدے سے نہیں ہٹائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ سازشی کون ہے۔ خیبرپختونخواہ اسمبلی کے3 وزراء فارغ کردیے، کسی سے بلیک میل نہیں ہوں گا۔ میرے لئے سب اراکین اسمبلی قابل احترام ہیں، بیوروکریسی بھی سیاسی نمائندوں کا احترام کرے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آٹا اور گندم کے بحران اور بحران میں ملوث افراد کا بھی علم ہے، بہتر ہوگا کہ سب اپنے خود کو ٹھیک کرلیں۔

اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے آج یہاں لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال میں پاکستان دنیا بھر میں ایک اہم اورنمایاں ملک کے طورپر ابھرا ہے۔ آج ہمارے تمام اہم ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات بحال ہوئے ہیں۔ یہ ممالک پاکستان کی قیادت کو ایماندار تصورکرتے ہیں اور ہم پراعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومتی اخراجات اور خصوصاً بیرونی دوروں پر اخراجات میں ریکارڈ بچت کی ہے۔

دورہ ڈیووس میں اخراجات کی مد میں ریکارڈ بچت کی ہے۔ دورہ ڈیووس میں معروف کمپنیوں کے سی ای اوز نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان ملاقاتوں سے دورہ ڈیووس کی کامیابی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ ہم جو انتظامی، سماجی، معاشی اور اقتصادی تبدیلیاں لائے ان سے ملک ترقی وخوشحالی سے ہمکنارہوگا۔ ہم نے ہمت اوردلیری سے حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے ارکان قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو جلد ولیج کونسل کی سطح پربلدیاتی انتخابات کروانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ولیج کونسل کے الیکشن کی تیاری کرکے اعلان کیا جائے۔ نچلی سطح پر انتخابات ہی عوامی مسائل کا حل ہیں۔