آصف زرداری کا شہباز شریف کو فوری وطن واپسی کا مشورہ

شہباز شریف وطن واپس آکر پارلیمان میں اپنا کردار ادا کریں،مولانا فضل الرحمن کی ناراضی دور کرنے کے لیے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے اقدامات بروئے کار لائیں۔ آصف زرداری کا پیغام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 27 جنوری 2020 12:26

آصف زرداری کا شہباز شریف کو فوری وطن واپسی کا مشورہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری 2020ء ) سابق صدر آصف علی زرداری نے شہباز شریف کو وطن واپسی کا مشورہ دے دیا۔قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن نے ناراض مولانا فضل الرحمن کو منانے کے لیے آصف علی زرداری نے میاں شہباز شریف کو پیغام بھجوا دیا۔پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین کے معتمد خاص نے میاں شہباز شریف کو مولانا فضل الرحمن کی ناراضی دور کرنے سے متعلق آصف زرداری کا پیغام پہنچایا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو فوری وطن آکر پارلیمان میں اپوزیشن کی قیادت کا بھی مشورہ دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے اپنے معتمد خاص کے ذریعے بھجوائے گئے پیغام میں شہباز شریف کو ہر قیمت پر مولانا فضل الرحمن کو منانے اور اپوزیشن اتحاد کو سرگرم کرنے کے لیے کردار ادا کرنے کی تجویز پیش کی۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے شہباز شریف کو فوری وطن واپسی کا بھی مشورہ دے دیا۔

اور کہا کہ وہ وطن واپس آکر پارلیمان میں اپنا کردار ادا کریں جب کہ جے یو آئی کےقائد مولانا فضل الرحمن کی ناراضی دور کرنے کے لیے دیگر اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے اقدامات بروئے کار لائیں۔جے یو آئی کے قائد مولانا فضل الرحمن اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی سے پارلیمنٹ میں سروسز ایکٹ ترمیمی بلوں کی یک طرفہ حمایت کرنے پر ناراض ہیں اور انہوں نے اپوزیشن کے پلیٹ فارم سے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی میزبانی میں ہونے والی سرگرمیوں کو غیر اعلانیہ بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی، مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری کی عیادت کی اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دل لاہورسے تحریک آغازکر رہے ہیں۔ 19مارچ کولاہور میں آئین پاکستان کانفرنس ہوگی۔چاروں صوبوں میں کنونشنز منعقد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں قوم کی ترجمانی ہوئی۔ ہم نے ہمت نہیں ہاری ہم آزادی مارچ سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔