17تا 21فروری 2020ضلع مظفرآباد میں باقاعدہ گھر گھر پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے ‘ڈپٹی کمشنر مظفرآباد

محکمہ صحت عامہ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی

پیر 27 جنوری 2020 15:18

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) ڈسٹرکٹ پولیو اریڈیکشن کمیٹی کا اجلاس پیر کے روز ڈپٹی کمشنر مظفرآباد بدر منیر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 17تا 21فروری کو ہونے والی پولیو مہم کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سعید اعوان ، ڈاکٹر نواب مسعود ، ڈاکٹر مرتضی گیلانی، شازیہ خوشحال ، راجہ طاہر فاروق اسسٹنٹ انجینئر ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایم ڈی اے محمد ساجد مغل ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر راجہ سہیل خان ، راجہ زاہد محمود خان ، فرحان شاہین ، شاہدہ بی بی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ، زبیر احمد عباسی ، راجہ شہزاد احمد ، صابر حسین اعوان ، شیخ محمدرفیق ، محمد صدیق مغل نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد سعید اعوان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مورخہ 17تا 21فروری 2020ضلع مظفرآباد میں باقاعدہ گھر گھر پولیو مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں محکمہ صحت عامہ کی ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال سے کم عمر کے تمام بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی ۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت عامہ مظفرآباد نے اس قومی مہم کو بھرپور طور پر کامیاب بنانے کے لئے تمام عملی اقدامات مکمل کر لئے ہیں ۔

اس مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ملک بھر سے پولیو کا خاتمہ ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوان 110137بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے دئیے جائیں گے جس کے لئے 478موبائل ٹیمیں ، 63فکس سائیٹس اور 19ٹرانزٹ پوائنٹ قائم کئے گئے ہیں ۔ فکس سینٹراور ٹرانزٹ پوائنٹ صبح 8بجے سے شام 4بجے تک مہم میں مصروف عمل رہیں گے ۔ اس مہم کی مانیٹرنگ کے لئے 37زونل سپر وائزر اور 114ایرایا انچارج مقرر کئے گئے ہیں جو ٹیموں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ان کو ویکسین اور دیگر ضروری سامان موقع پر فراہم کرنے اور ان سے روزانہ شام کو کی گئی کارکردگی کاریکارڈ حاصل کر کے ضلعی کنٹرول روم میں پہنچائیں گے اس کے علاوہ موبائل ٹیمز ، زونل سپر وائزر ز اور ایریا انچارجز کو چیک کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ سطح پر 4ضلعی آفیسران بھی مانیٹرنگ کریں گے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مظفرآباد بدر منیر نے کہا کہ پولیو مہم میں خاص طور پر ان بچو ں کو ٹارگٹ کیا جائے جو وادی نیلم اور وادی لیپہ سے برفباری ، لینڈ سلائیڈنگ اور بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثرہو کر مظفرآباد شہر اور گردونواح میں رہائش پذیر ہیں ۔ اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ان میں سے کوئی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے ۔

انہوں نے تمام متعلقہ ضلعی آٖفیسران کو ہدایت کی کہ وہ اس سلسلہ میں اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور محکمہ صحت عامہ کے ساتھ مکمل کو آرڈینیشن سے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولز کو بھی اس سلسلہ میں ہدایات جاری کی جارہی ہیں کہ وہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے عمل کو یقینی بنائیں اور پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی فریضہ ہے جس کی ادائیگی کے لیے ہر مکتبہ فکر کو اپنی ذمہ داریوں کا احسان کرنا چاہیے تاکہ پولیو جیسی مہلک مرض سے اپنے بچوں کو محفوظ بنایا جاسکے ۔

ضلع بھر کے تمام والدین ، اساتذہ کرام ، وکلاء صاحبان ، عام شہری ، ملازمین ، مزدور غرضیکہ ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد گھر گھر آنے والی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ یہ قومی مہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکے۔