عراق میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملے

بغداد میں 3 راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں 1 شخص زخمی ہوا

Khurram Aniq خُرم انیق پیر 27 جنوری 2020 14:53

عراق میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملے
عراق(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-27جنوری2020ء) عراق کے دارلحکومت بغداد میں موجود امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملے کئے گئے جس میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔حملے میں 3 راکٹ داغے گئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے دارلحکومت بغداد میں اس وقت حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔ایسی صورتحال میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملے کئے گئے ہیں جس کے بعد ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

یہ حملہ سفارت خانے کے کیفے ٹیریا میں کیا گیا۔سفارت خانے پر راکٹ حملے کے دوران کچھ امریکی اہلکار بھی موجود تھے لیکن زخمی ہونے والے شخص کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی۔گزشتہ کئی ماہ سے جاری ملک میں مظاہروں کے دوران اس علاقے میں کئی بار راکٹ حملے کئے گئے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکی سفارت خانے کو براہ راست حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مظاہرین کی جانب سے امریکی سفارت خانے پر حملہ کیا گیا تھا جس کے جواب میں امریکہ کی جانب سے ایک فضائی حملے میں قدس فوج کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو مارا گیا تھا ۔اس کے بعد ایران کی جانب سے بھی جواباََ امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور ابھی تک دونوں ممالک میں تناو برقرارہے۔یاد رہے کہ عراق میں درجنوں فوجی اڈوں میں 2ہزار500 امریکی اہلکار تعینا ت ہیں۔

ایران کی جانب سے متعدد بار ان اڈوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے جبکہ عراق پارلیمنٹ نے بھی امریکی فوجیوں کو واپس جانے کا کہا تھا۔واضح رہے کہ اب بغداد میں امریکی سفارت خانے پر 3 راکٹ حملے کئے گئے ہیں جس میں ابھی تک صرف ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، شخص کی شناخت نہیں کی گئی۔ گزشتہ ماہ سے کئی بار اس علاقے میں راکٹ حملے کئے گئے ہیں لیکن یہ پہلی مرتبہ ہے کہ امریکی سفارت خانے پر براہ راست حملہ کیا گیا ہے۔