کاروباری برادری کو منافع بخش کاروبار کے لئے سازگار فضا کی فراہمی اور آسانیاں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے

وزیراعظم عمران خان کی معروف بزنس مین عارف حبیب کی سربراہی میں اہم شخصیات سے گفتگو

پیر 27 جنوری 2020 15:54

کاروباری برادری کو منافع بخش کاروبار کے لئے سازگار فضا کی فراہمی اور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کار کو منافع بخش کاروبار کے لئے سازگار فضا کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘حکومتی اقدامات کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف بزنس مین عارف حبیب کی سربراہی میں قطر میں مختلف شعبوں سے وابستہ پاکستانی نژاد اہم شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وفد میں ڈائریکٹر پراڈکٹ اینڈ مارکیٹ ڈویلپمنٹ قطر اسٹاک ایکسچینج محسن مجتبیٰ ، جنرل کونسل قطر فنانشل سنٹر اسحٰق برنی، سینئر ڈائریکٹر الریان انویسٹمنٹ اکبر خان، لیگل ڈائریکٹر فیفا ورلڈ کپ قطر 2022عارج سید واسطی، چیف اکانومسٹ اکنامک پالیسی اینڈ ریسرچ وزارت خزانہ قطر عرفان علیم و دیگر شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان اور قطر کے مابین اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے خصوصاً ملک میں معیشت کے مختلف شعبے میں قطر ی سرمایہ کاری اور قطر میں پاکستانی جوانوں اور ہنر مندوں کے لئے نوکریوں کے مواقع و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری اور سرمایہ کار کو منافع بخش کاروبار کے لئے سازگار فضا کی فراہمی اور ان کے لئے آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست معاشی پالیسیوں ، استحکام اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے حوالے سے سازگار ماحول کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی طرف راغب ہو رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا سب سے بڑا اثاثہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں جو ملک میں ترسیلات بھیجتے ہیں جس سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری نوجوان آبادی اور خصوصاً تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوان خصوصی توجہ کے مستحق ہیں اور حکومت نے ان کو ہنرمند اور باروزگار بنانے کے لیے اہم پروگرام کا اجرا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ورک فورس قطر کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے۔ ملاقات میں قطر میں پاکستانی ہنرمندوں اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقعوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔