سپیشل اکنامک زونز میںصنعت کاروں کو صنعتی یونٹ لگانے کیلئے خصوصی مراعا ت اور سستے پلاٹ دئیے جائیں گے‘اسلم اقبال

نئی صنعتیں لگنے اور نئی سرمایہ کاری آنے سے صوبے کے معاشی حالات بدلیں گے،بیمار صنعتوں کی بحالی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں‘،وزیر صنعت وتجارت

پیر 27 جنوری 2020 15:54

سپیشل اکنامک زونز میںصنعت کاروں کو صنعتی یونٹ لگانے کیلئے خصوصی مراعا ..
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا۔جس میںسپیشل اکنامک زونز کے قیام، صنعتی یونٹ لگانے کے لئے پلاٹوں کی فروخت اور صنعتی مراکز میںانفراسٹرکچر کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری صنعت وتجارت ظفر اقبال ،چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی،ایڈیشنل سیکرٹری صنعت،سی ای او پیڈمک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے معاشی ترقی کا انقلاب برپا ہو گا۔ سپیشل اکنامک زونز میںصنعت کاروں کو صنعتی یونٹ لگانے کے لئے خصوصی مراعا ت اور سستے پلاٹ دئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ جدید انفراسڑکچر کی سہولتوں سے آراستہ صنعتی مراکز صوبے کی ترقی کے حوالے سے گیم چینجرثابت ہوں گے۔

پنجاب حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوںکے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب کا رخ کر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی صنعتیں لگنے اور نئی سرمایہ کاری آنے سے صوبے کے معاشی حالات بدلیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتی کاری کے عمل کو تیز کرنے کے ساتھ بیمار صنعتوں کی بحالی کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادکے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے۔

4ہزار ایکڑ اراضی پر بننے والے اس انڈسٹریل سٹی میں صنعتیں لگنے سے اڑھائی لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہزاروں ایکڑ رقبے پربننے والی انڈسٹریل اسٹیٹس سے خطے میں صنعتی عمل تیز ہو گااور سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو گی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشی اہمیت کے ان منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کے لئے محنت سے کام کرنا ہے۔

انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد آباد کاری یقینی بنانے کے لئے متعلقہ ادارے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے اوریہ مقصد صنعت کاری کے عمل کو تیز کرکے حاصل کیا جا سکتا ہے۔