میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس،سپیشل اکنامک زونز، صنعتی پلاٹوں کی فروخت اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے امور کا جائزہ

حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب کا رخ کر لیا، صوبے میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے معاشی ترقی کا انقلاب برپا ہو گا، علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادکے منصوبے پر کام جاری ہے،صوبائی وزیر

پیر 27 جنوری 2020 18:40

میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس،سپیشل اکنامک زونز، ..
لاہور۔27 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پیر کے روز سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام، صنعتی یونٹ لگانے کیلئے پلاٹوں کی فروخت اور صنعتی مراکز میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے امور کا جائزہ لیا گیا،سیکرٹری صنعت وتجارت ظفر اقبال،چیئرمین پیڈمک سید نبیل ہاشمی،ایڈیشنل سیکرٹری صنعت،سی ای او پیڈمک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی،صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب کا رخ کر لیا ہے، صوبے میں سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے معاشی ترقی کا انقلاب برپا ہو گا، سپیشل اکنامک زونز میں صنعت کاروں کو صنعتی یونٹ لگانے کیلئے خصوصی مراعا ت اور سستے پلاٹ دئیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ جدید انفراسڑکچر کی سہولتوں سے آراستہ صنعتی مراکز صوبے کی ترقی کے حوالے سے گیم چینجرثابت ہوں گے،انہوں نے کہا کہ نئی صنعتیں لگنے اور نئی سرمایہ کاری آنے سے صوبے کے معاشی حالات بدلیں گے،صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے ساتھ بیمار صنعتوں کی بحالی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں،میاں اسلم اقبال نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آبادکے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے،4ہزار ایکڑ اراضی پر بننے والے اس انڈسٹریل سٹی میں صنعتیں لگنے سے اڑھائی لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ہزاروں ایکڑ رقبے پربننے والی انڈسٹریل اسٹیٹس سے خطے میں صنعتی عمل تیز ہو گااور سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو گی اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے،صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشی اہمیت کے ان منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل کیلئے محنت سے کام کرنا ہے، انڈسٹریل اسٹیٹس کی سو فیصد آباد کاری یقینی بنانے کیلئے متعلقہ ادارے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں،میاں اسلم اقبال نے مزید کہا کہ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے اوریہ مقصد صنعت کاری کے عمل کو تیز کرکے حاصل کیا جا سکتا ہے۔