ڈپٹی کمشنر کا افغاناں مسجد کے گرد صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کروانے کے ساتھ ساتھ فلور ملز کا اچانک دورہ

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 27 جنوری 2020 17:23

ڈپٹی کمشنر کا افغاناں مسجد کے گرد صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کروانے ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے جہلم شہر میں واقعہ نیو حسین فلور مل کا اچانک دورہ کیا اور اس موقع پر انہوں نے رجسٹر کے مطابق سیل ریکارڈ، آٹے کے معیار، مقدار اور ریٹ کی چیکنگ کی۔ انہوں نے کنٹرول روم میں سی ی ٹی وی کیمروں کی بھی چیکنگ کی ہے، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ ضلع میں موجود تمام فلور ملز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا چکے ہیں، فلور ملوں میں خریداروں کے رکارڈ کے ساتھ ساتھ انکی وڈیو بھی محفوظ کی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سیف انور نے ڈی ایف سی جہلم کو ہدایات دیں ہیں کہ فلور ملز کی انتظامیہ کے آٹے کا سیل ریکارڈ چیک کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ آٹا عام مارکیٹ میں 805 روپے فی 20 کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے ،جبکہ ضلع میں قائم 15 مختلف سیل پوائینٹس پر آٹا 790روپے فی بیس کلو کے اضافی بیگ فراہم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس زیادہ قیمت وصول کرنے پر جرمانے اور ایف آئی آرز کا اندراج کر رہے ہیں ۔

پرائس کنٹرول کے اجلاس میں فیصلے کے مطابق آٹے کا ہول سیل ریٹ783 ، پرچون ریٹ805 روپے فی 20 کلو تھیلہ جبکہ روٹی 7 روپے فی 100 گرام فراہم کی جا رہی ہے ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ تمام آٹا چکیوں پر دیسی آٹا بھی 60روپے سے زائد کے حساب سے فروخت نہیں کیا جا رہا۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ ضلع جہلم کے عوام شکایات کی صورت میں قیمت کے نام سے متعارف کروائی گئی موبائل ایپلیکیشن پر شکایات درج کروا سکتے ہیں جس کی بنیاد پر 2 گھنٹے کے اندر کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انکا کہنا تھا کہ عظیم شہری ہونے کے ناطے زائد قیمتوں پر اشیا خورد و نوش کی شکایات ڈپٹی کمشنر و اسسٹنٹ کمشنرز دفتر میں یا 080002345 پر بذریہ ٹیلی فون درج کروائیں۔

ڈپٹی کمشنرجہلم محمد سیف انور جپہ نے افغانہ مسجد کے گرد صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کروانے کے لئے خصوصی دورہ کیا، اس موقع پر راجہ اشفاق، سینٹری ورکرز اور دیگر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ ایم سی عملہ کی مدد سے کام کا آغاز کروا دیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ڈپٹی کمشنر / ایڈمنسٹریٹر ایم سی جہلم سیف انور جپہ نے میونسپل کارپوریشن جہلم کے عملہ کو افغانہ مسجد، فلڈ بند جہلم، اولڈ جی ٹی روڈ و دیگر مقامات کی صفائی ستھرائی کے لئے خصوصی ہدایات دی ہیں۔

افغانہ مسجد کے ارد گرد جمع پانی کو مٹی کی مدد سے ختم کروایا جا رہا ہے اور کام جلد مکمل کیا جائے گا۔ سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ جہلم شہر سمیت، تاریخی عمارتوں کی صفائی ستھرائی کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے فلڈ بند کی حفاظت اور ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لئے فلڈ بند پر بیریر لگانے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے فلڈ بند کے قریب تعمیر مسجد کے موقع پر میونسپل کارپوریشن کے عملہ کو ہدایت دی ہے کہ صفائی ستھرائی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔