سندھ حکومت صنعتی آلودہ پانی کو صاف کرنے کے لئے پانج پلانٹ لگائے گی ، جام اکرام اللہ دھاریجو

پیر 27 جنوری 2020 20:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) سندھ کے وزیر صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ محکمہ صنعت کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تعاون سے کراچی میں صنعتی آلودہ پانی کی صفائی کے لئے 18.143 بلین روپے کی لاگت سے پانج ٹریمیمنٹ پلانٹ لگائے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کے روز یہاں اپنے دفتر میں سلمان چالہ صدر سائٹ ایسوسی ایشن کی سربراہی میں صنعت کاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سیکریٹری صنعت و تجارت نسیم الغنی سہیتو بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ یہ پلانٹ سائٹ کراچی ، فیڈرل بی ایریا ، سپر ہائی وے سائٹ ، لانڈھی / کورنگی اور لیاری میں قائم کیے جائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا ، 'ان ٹریٹمنٹ پلانٹس کے قیام کا مقصد قدرتی آبی ذخائر ، زمین ، زرعی فصلوں اور دیگر قدرتی آبی وسائل کو آلودہ ہونے سے بچانا ہی'۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صنعتی زون کے معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے خواہاں ہے اور صوبے میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے صنعتکاروں سے تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ سندھ میں نئی انڈسٹریز کے قیام کے لئے متحرک ہوسکیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبوں کے تعاون سے ہی صوبے میں صنعتی انقلاب اور ترقی کا راستہ ممکن ہو سکتا ہے۔