صوبائی وزیر بلدیات کی زیر صدارت سکھر چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں اور ممبران کا اجلاس

حکومت سندھ کے تاجروں اور محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں لے رہی ہے ،ناصر حسین شاہ

پیر 27 جنوری 2020 20:26

صوبائی وزیر بلدیات کی زیر صدارت سکھر چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں اور ..
سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) صوبائی وزیر بلدیا ت سید ناصر حسین شاہ نے سکھر میں چیمبر آف کامرس کے آفس میں ایوان صنعت و تجارت سکھر کے عہدیداروں ، ممبران اور تاجروں کے ساتھ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی ، جس کے دوران سکھر میں تاجروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے سلسلے میں غور و فکر کیا گیا ، اس موقع پر صوبائی وزیر نے حکومت سندھ کی جانب سے تاجروں کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور مستقل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہی دی اور امید ظاہر کی کہ حکومت سندھ سکھر سمیت پورے سندھ کے چھوٹے بڑے تاجروں کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کے ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہے ۔

اس موقع پر سکھر چیمبر آف کامرس کے سربراہان ملک رضوان الحق ، عبدالغنی شیخ ، اسلام مغل اور دیگر نے سکھر کی مختلف مارکیٹس کی شہروں سے منتقلی ، پراپرٹی ٹیکس ، پروفیشنل ٹیکس ، ایس پی سی اے ، صفائی ستھرائی ، ٹریفک جام ، امن و امان ، تجاوزات اور دیگر مسائل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور حکومت سندھ کی جانب سے تاجروںکے مسائل کے حل میں سنجیدہ اقدامات پر صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات کا مزیدکہنا تھا کہ سکھر کی لیبر کالونی میں تعمیر فلیٹس کی تقسیم شفاف طریقے سے ہوگی اور چاہتے ہیں کہ فلیٹس رجسٹرڈ فیکٹریوں کے محنت کشوں کو ئی ہی ملیں جس سے نان رجسٹرڈ فیکٹریاں بھی رجسٹریشن کے عمل میں آگے آئینگی ۔