اتنی کم اکثریت سے کوئی حکومت چل نہیں سکتی،پنجاب اور وفاق میں چند ووٹوں سے حکومت کھڑی ہے‘رانا ثناء اللہ

ڈیڑھ سال کے عرصے میں حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام رہی ہے،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ان حالات کے بعد بہتری نہیں ہو پائے گی پنجاب میں حکومت عثمان بزدار نہیں چلا رہے بلکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کو بنی گالہ سے چلایا جا رہا ہے،پنجاب میں حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے‘میڈیاسے گفتگو

پیر 27 جنوری 2020 20:30

اتنی کم اکثریت سے کوئی حکومت چل نہیں سکتی،پنجاب اور وفاق میں چند ووٹوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن اسمبلی رانا ثناء نے کہا ہے کہ اتنی کم اکثریت سے کوئی حکومت چل نہیں سکتی،پنجاب اور وفاق میں چند ووٹوں سے حکومت کھڑی ہے،ڈیڑھ سال کے عرصے میں حکومت ہر محاذ پر مکمل ناکام رہی ہے،پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ان حالات کے بعد بہتری نہیں ہو پائے گی،موجودہ سیاسی صورتحال میں ہر کسی کے ایک دوسرے سے رابطے جاری ہیں،سیاست میں رابطے تو رہتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے پارٹی سیکرٹریٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا ہ ، پنجاب میں علیحدہ پارلیمانی گروپ یا وزرا کی بغاوت کرپشن اور بری گورننس کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے،لوگوں میں بے چینی بھی بری گورننس کی وجہ سے ہے۔پنجاب میں حکومت عثمان بزدار نہیں چلا رہے بلکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کو بنی گالہ سے چلایا جا رہا ہے،پنجاب کے تمام وزرائے اعلیٰ سب رو رہے ہیں،پنجاب میں حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے،ان حکمرانوں کو مینڈیٹ دلوایا گیا جو ووٹ کی عزت نہیں ہے،قبل از وقت صاف و شفاف انتخابات ہی واحد حل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان ہائوس تبدیلی کے بعد آنے والا بھی موجودہ نظام میں چل نہیں سکے گا،اراکین اسمبلی کا ہمیشہ آپس میں رابطہ رہتا ہے۔نواز شریف صحت مند ہوتے ہی فورا واپس آ جائیں گے۔شہباز شریف اپنے علاج کے علاوہ اس حکومت کا علاج بھی کر رہے ہیں،شہباز شریف کی کوشش ہے کہ حکومت کا علاج جلد مکمل ہو سکے۔انہوںنے کہاکہ چوہدری نثار سے رابطوں کا مجھے کوئی علم نہیں ہے۔

پی ایس ایل کا پاکستان میں آنے کا کریڈٹ نجم سیٹھی کو جاتا ہے ،ہمارے دور میں پی ایس ایل کو زیادہ خطرات تھے۔پنجاب میں دہشت گردی کو کنٹرول کرنے میں سی ٹی ڈی اور آئی ایس آئی کے انسداد دہشت گردی ونگ کو جاتا ہے۔بنگلہ دیش اور پی ایس ایل کا کریڈٹ سب کو جاتا ہے۔پی ایس ایل کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں، یہ ایک قومی ایونٹ ہے۔ انہوںنے کہاکہ بارش کے بعد شہباز شریف خود باہر نکلتے تھے جنہوں نے 10 سال عوام کی دیانتداری سے خدمت کی ہے،اس معاملے پر عوام کو شہباز شریف کی کارکردگی کا اعتراف کرنا چاہیے ۔