حکومت موثر خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، عراق حالات کے تناظر میں پاکستانیوں کے لئے خصوصی سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا

پاکستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے مفاد کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے نہ ہی کسی کی جنگ لڑیں گے، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی کا سینیٹ میں تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے اظہارخیال

پیر 27 جنوری 2020 20:51

حکومت موثر خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، عراق حالات کے تناظر میں پاکستانیوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے کہا ہے کہ حکومت موثر خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، عراق کے حالات کے تناظر میں پاکستانیوں کے لئے خصوصی سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے، پاکستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے مفاد کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے اور نہ ہی کسی کی جنگ لڑیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایوان بالا میں سینیٹر بہرہ مند تنگی کی علاقائی سلامتی کی صورتحال بشمور مشرق وسطیٰ میں ابھرتے ہوئے سلامتی کے حالیہ خطرات کو زیر بحث لانے کے حوالے سے تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے کیا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ مودی نے یکطرفہ اقدامات کے باعث خطے کے حالات خراب کئے، بھارت کی غلط پالیسیوں کے باعث اس کا سیکولر ملک کا تشخص مجروح ہوا ہے، نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پورے بھارت میں مودی حکومت کے خلاف آواز اٹھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا یہ مان رہی ہے کہ مودی کی پالیسی ہٹلر کی پالیسی جیسی ہے۔ بھارت اپنے اقدامات کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے کہ موجودہ حکومت نے 50 سال سے دبے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اقوام عالم میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو جلد آزادی ملے گی، عراق کے حالات کے تناظر میں سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

اعظم سواتی نے کہا کہ افغانستان میں امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی افغانستان کی صورتحال سے منسلک ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے متعلق جلد ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔ ہم تمام ممالک کے ساتھ امن کی بات کرتے ہیں، پاکستان کی سرزمین کسی ملک کے مفاد کے لئے استعمال نہیں ہونے دیں گے، کسی کے مفادات کی جنگ نہیں لڑیں گے۔

قبل ازیں بحث کا آغاز کرتے ہوئے سینیٹر بہرہ مند تنگی نے کہا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا جس کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے، قومی امور پر حکومت اور اپوزیشن کو مشترکہ موقف اختیار کرنا چاہئے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ متحد ہو کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔