جب تک شہید ذوالفقار علی بھٹو حیات تھے عالم اسلام بالخصوص غریب ممالک کے خلاف سامراج کو سازش کرنے کی مجال نہیں تھی،وقار مہدی

پیر 27 جنوری 2020 21:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جن باتوں کی پیشگوئی کی تھی دنیا کی سیاست میں وہی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جب تک شہید ذوالفقار علی بھٹو حیات تھے عالم اسلام بالخصوص غریب ممالک کے خلاف سامراج کو سازش کرنے کی مجال نہیں تھی لیکن شہید بھٹو کو ایک سازش کے تحت شہید کرکے سامراجی طاقتوں نے مسلم ممالک کے خلاف سازش کرکے آگ اور خون کی ہولیاں کھیلیں اور عالم اسلام کے اتحاد کو کمزور کرنے کی سازش کی۔

انہوں نے یہ بات ہنگورہ آباد لیاری میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 92سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پرپی پی پی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی ، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، ضلع جنوبی کے صدر خلیل ہوت، نور محمد ہنگورہ اور نثار بلوچ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

وقار مہدی نے کہا کہ لیاری پیپلز پارٹی قلعہ ہے ایک سازش کے تحت لیاری سے سلیکٹڈ عناصر کو بیلٹ بکس پر ڈاکہ مارا کر جتوایا گیا لیکن لیاری کے باشعور عوام صرف اور صرف پیپلز پارٹی کے جھنڈے تلے اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ہی لیاری کے مسائل حل کررہی ہے اور لیاری کے محلوں اور گلیوں میں ترقیاتی کام کرائے جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدرراشد حسین ربانی نے کہا کہ ہمیں لیاری کی عوام اور پارٹی کارکنوں کی جدو جہد پر فخر ہے کوئی بھی طاقت پیپلز پارٹی اور لیاری کے عوام کو جدا نہیں کرسکتی آئندہ ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی لیاری سے کلین سوئپ کریگی۔تقریب کے آخر میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور پرچم کشائی بھی کی گئی۔