شہباز ہال حیدرآباد میں آٹے کی سرکاری قیمت پر فروخت کے حوالے سے اجلاس

سرکاری مقررہ ایکس مل قیمت 43 روپے فی کلو پرآٹے کی فروخت کو یقینی بنائیں اور ایسی آٹا چکی ملز جو کہ بنا کسی جواز کے مالکان کی جانب سے بند کی گئی ہیں، کمشنر حیدر آباد

پیر 27 جنوری 2020 23:27

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 جنوری2020ء) شہباز ہال حیدرآباد میں آٹے کی سرکاری قیمت پر فروخت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں آٹے کی مصنوعی کمی کو ختم کر کے سرکاری مقررہ ایکس مل قیمت 43 روپے فی کلو پرآٹے کی فروخت کو یقینی بنائیں اور ایسی آٹا چکی ملز جو کہ بنا کسی جواز کے مالکان کی جانب سے بند کی گئی ہیں ان آٹا چکیوں کے لائسنس فوری طور پر منسوخ کیے جائیں انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سیلانی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تعاون سے لگائے گئے اسٹالز پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے اسٹالز پر آٹا فروخت کرنے والوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ شناختی کارڈ پر آٹے کی فروخت کو یقینی بنائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ غریبوں کوسرکاری مقررہ قیمت آٹا مل سکے انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ذخیرہ اندوزی کرنیوالے افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کریں، اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے اپنے اپنے اضلاع میں آٹے کی فروخت اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق آگاہی دی گئی۔

(جاری ہے)

ڈویزنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس کی صدارت ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ نے کہا کہ پولیوکا جلد از جلد خاتمہ ممکن بنانے کیلئے ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کے معیار کو مزید موثر بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے عمل کو بھی مزید موثر بنائیں۔

ڈویزنل کمشنر نے مختلف اضلاع کی کم کارکردگی دکھانے والی یوسیز کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کم کارکردگی دکھانے والی یوسیز پر مکمل توجہ مرکوز رکھی جائے اور غفلت کے مرتکب افسران اور عملے کیخلاف سخت کاروائی کی جائے ۔ انہوں نے ڈویزن کے مختلف اضلاع میں ماحولیاتی سیمپل مسلسل مثبت آنے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ انکاری کیسز اور ماحولیاتی سیمپل کو ختم کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کریں۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ حیدرآباد میں انکاری کیسز کافی حد تک ختم کیے گئے ہیں تاہم کم کارکردگی دکھانے والی کچھ یو سیز پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے جس پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے یقین دلایا کہ مذکورہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام جاری ہے تاہم مزید اقدامات بھی کیے جارہے ہیں ۔

ایڈیشنل کمشنر ٹو طاہر علی میمن نے اجلاس کو ڈویزنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈی سی حیدرآباد عائشہ ابڑو ، ڈی سی دادو شاہزمان کہرو، ڈی سی ٹھٹہ عثمان تنویر، ڈی سی جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فریدالدین مصطفی،ڈی سی ٹنڈو الہیار عبدالرشید زرداری، ڈی سی ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی کے علاوہ تمام اضلاع کے ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ڈویزنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت فارمر مارکیٹ کے انعقاد کے حوالے منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 فروری 2020 کوایکسپو سینٹر حیدرآباد میں فارمر مارکیٹ کا افتتاح کیا جائیگااور یہ مارکیٹ ہر ہفتے اتوار کے دن باقائدہ لگائے جائیگی۔ اجلاس کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لیاقت علی کلہوڑو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فارمر مارکیٹ کمیٹی کے سرپرست کمشنر حیدرآباد ہوں گے جبکہ کمیٹی میں سیاسی سماجی شخصیات سمیت ڈویزن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اس کمیٹی کے میمبر ہوں گے فارمر مارکیٹ کے انعقاد کا مقصد نہ صرف ایکسپو سینٹر کو فعال کرنا ہے بلکہ آبادگاروںکو براہ راست صارفین تک رسائی فراہم کرنا بھی ہے ڈویزنل کمشنر نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ بھی اس طرح کی فارمر مارکیٹ کا انعقاد کر کے اس مہنگائی کے دور میں عوام الناس کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کریں۔