ڈویژنل کمشنر حیدرآباد کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس منعقد

پیر 27 جنوری 2020 23:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنر نے پولیوکا جلد از جلد خاتمہ ممکن بنانے کیلئے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو مہم کے معیار کو مزید موثر بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع میں معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے عمل کو بھی مزید مؤثر بنائیں۔ ڈویژنل کمشنر نے مختلف اضلاع کی کم کارکردگی دکھانے والی یوسیز کے حوالے سے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کم کارکردگی دکھانے والی یوسیز پر مکمل توجہ مرکوز رکھی جائے اور غفلت کے مرتکب افسران اور عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ڈویژن کے مختلف اضلاع میں ماحولیاتی سیمپل مسلسل مثبت آنے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور افسران کو ہدایت کی کہ انکاری کیسز اور ماحولیاتی سیمپل کو ختم کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام کریں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ حیدرآباد میں انکاری کیسز کافی حد تک ختم کیے گئے ہیں تاہم کم کارکردگی دکھانے والی کچھ یو سیز پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے جس پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد عائشہ ابڑو نے یقین دلایا کہ مذکورہ مسئلے کو حل کرنے کیلئے سنجیدگی سے کام جاری ہے تاہم مزید اقدامات بھی کیے جارہے ہیں ایڈیشنل کمشنر ٹو طاہر علی میمن نے اجلاس کو ڈویزنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں ڈی سی حیدرآباد عائشہ ابڑو ، ڈی سی دادو شاہزمان کہرو، ڈی سی ٹھٹہ عثمان تنویر، ڈی سی جامشورو کیپٹن ریٹائرڈ فریدالدین مصطفی،ڈی سی ٹنڈو الہیار عبدالرشید زرداری، ڈی سی ٹنڈو محمد خان یاسر بھٹی کے علاوہ تمام اضلاع کے ڈی ایچ اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :