سندھ حکومت کو بھی جاگنے کی ضرورت ہے، معاون خصوصی وزیراعظم

اٹھارویں ترمیم کے بعد نوجوانوں کی فلاح و بہبود سندھ حکومت کا کام ہے،عثمان ڈار کا تقریب سے خطاب

پیر 27 جنوری 2020 23:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نوجوانان عثمان ڈار نے واضح کیا ہے کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد نوجوانوں کی فلاح و بہبود سندھ حکومت کا کام ہے۔پیرکوگورنر ہائوس کراچی میں کامیاب نوجوان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار نے کہا کہ پروگرام کے تحت اپنے کاروبار کا خواب رکھنے والے نوجوان ایک لاکھ سے پانچ لاکھ تک کا قرضہ حاصل کرسکیں گے،ابتدائی طور قرضے کیلئے درخواست جمع کرانے والے نوجوانوں کو چیک بھی تقسیم کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے عثمان ڈارنے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام شفافیت سے آگے بڑھ رہا ہے،اس منصوبے سے کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع کے نوجوان بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت کامیاب نوجوان کے بعد کامیاب دکاندار پروجیکٹ کا بھی اعلان کرے گی۔عثمان ڈار نے کہا کہ یہ کامیاب جوان پروگرام کا پہلا فیز ہے کوئی گرانٹ نہیں، قوم کا اپنا اور ٹیکس کا پیسہ اس پروگرام کے تحت مہنگائی، بیروزگاری اور ایس ایم سی میں بہتری لائے گا۔انہوں نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو بھی جاگنے کی ضرورت ہے اٹھارویں ترمیم کے بعد نوجوانوں کی فلاح و بہبود سندھ حکومت کا کام ہے۔